اسلام آبادچیمبرکے انتخابات‘ خالد اقبال ملک صدر‘خالد ملک سینئرنائب صدر منتخب

اسلام آبادچیمبرکے انتخابات‘ خالد اقبال ملک صدر‘خالد ملک سینئرنائب صدر ...

  

اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران کاا لیکشن منعقد ہوا۔ چیف الیکشن کمیشنر ناصر خان نے کامیاب ہونے والے عہدیداران کا اعلان کیا جس کے مطابق سال برائے 2016-17کیلئے خالد اقبال ملک چیمبر کے صدر، خالد ملک سینئر نائب صدر اور طاہر ایوب نائب صدر منتخب قرار پائے۔ تینوں عہدیداران کا انتخاب بلا مقابلہ ہوا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدرخالد اقبال ملک نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی تاجروصنعتکار برادری نے انہیں بلا مقابلہ کامیاب کروا کر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے انشاء اللہ وہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے اور ان کے تمام مسائل کو حل کرانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط کیا جائے گا تا کہ صنعت و تجارت کے اہم مسائل کو متعلقہ اداروں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے حل کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام چھوٹے و بڑے تاجروں وصنعتکاروں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور تاجر برادری میں اتحاد کو مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ ان کے مفادات کا بہتر تحفظ کیا جا سکے۔

فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین خالد جاوید نے نئے عہدیداران کو ان کے بلا مقابلہ انتخاب پر مبارک باد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ نومنتخب عہدیداران کا بلا مقابلہ انتخاب تاجر برادری کی طرف سے فاؤنڈر گروپ کی عمدہ کارکردگی پر بہترین اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ برسوں میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو ملک کا صف اول کا چیمبر بنایا جائے گا تا کہ یہ ادارہ تاجروصنعتکار برادری کی مضبوط آواز بن سکے اور ان کے مسائل کو موثر انداز میں حل کرا سکے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ، سینئر نائب صدر شیخ پرویز احمد اور نائب صدر شیخ عبدالوحید نے بھی نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کی اور چیمبر کی ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں میں انہیں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ فاؤنڈر گروپ کے اراکین، چیمبر کے صابق صدور میاں اکرم فرید، اعجاز عباسی، طارق صادق، ناصر خان، زاہد مقبال، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ظفر بختاوری، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، سیف الرحمٰن، طاہر چوہدری، نوید ملک، راشد ہمایوں، مشرف جنجوعہ، حاجی صلاح الدین اعوان، عادل انیس، امین الرحمٰن، چوہدری عرفان، اشفاق چھٹہ ، مرکزی انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ اور دیگرنے بھی نو منتخب عہدیداران کو بلا مقابلہ کامیابی پر مبارک باد پیش کی اور تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کیلئے کی جانے والی کوششوں میں ان کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

*****

(خبرنمبر 239)۔۔۔۔۔۔

کپاس کی فصلوں میں سفید مکھی کے انسداد کے لئے شام کے وقت سپرے کیا جائے ‘ محکمہ زراعت پنجاب

لاہور ( این این آئی)محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کاشتکاروں کو بتایا ہے کہ موسم میں موجود نمی اور حبس کے باعث کپاس کاشت کے مرکزی علاقوں میں فصل پر سفید مکھی کا حملہ مشاہدہ میں آیا ہے ۔ سفید مکھی کپاس کی فصل میں تین طریقوں سے نقصان کرنے کا باعث بنتی ہے۔ سفید مکھی کے بالغ اور بچے رس چوس کر پودوں کو کمزور کرنے کے علاوہ میٹھا لیسدار مادہ بھی خارج کرتے ہیں۔ پودوں کے پتوں و دیگر حملہ شدہ حصوں پر سیاہ رنگ کی الی لگ جاتی ہے جس سے ضیائی تالیف کے عمل میں رکاوٹ پیدا ہوجاتی ہے۔سفید مکھی کے شدید حملہ کے باعث کپاس کی پیداوار میں کمی ہوجاتی ہے۔ سفید مکھی کپاس میں وائرسی بیماریوں کو ایک پودے سے دوسرے پودوں تک پھیلانے کا ذریعہ بھی بنتی ہے۔پانچ بالغ یا بچے یا دونوں ملا کر پانچ فی پتہ سفید مکھی کی معاشی نقصان کی حد ہیں۔سفید مکھی کے بروقت کیمیائی انسداد کے لیے پائری پروکسی فن 10.8فیصد ای سی بحساب 500ملی لیٹر یا ڈایا فینتھیوران 4فیصد ایس سی بحساب200ملی لیٹر یا اسیٹا میپرڈ 20فیصد ایس ایل بحساب 125ملی لیٹر فی 100لیٹر پانی میں ملا کر سپرے کیا جائے۔سپرے کرنے کے 48گھنٹے بعد کپاس کی فصل کا دوبارہ معائنہ کریں اور سفید مکھی کا حملہ ختم نہ ہونے کی صورت میں 5سے 6دن بعد زہریں بدل کردوسرا سپرے کیا جائے۔سفید مکھی کے انسداد کے لئے شام کے وقت سپرے کیا جائے اور پانی کی مقدار 120 تا 150 لٹر فی ایکڑ استعمال کی جائے۔

مزید :

کامرس -