لاہور بزنسمین فرنٹ نے لاہورچیمبرالیکشن کیلئے اپنے منشور کا اعلان کردیا

لاہور بزنسمین فرنٹ نے لاہورچیمبرالیکشن کیلئے اپنے منشور کا اعلان کردیا

  

لاہور ( کامرس رپورٹر ) لاہور بزنسمین فرنٹ نے لاہورچیمبر کے الیکشن کیلئے اپنے منشور کا اعلان کردیا۔چیمبر میں تمام قسم کی ویزہ فیس ختم ،چیمبرمیں پاسپورٹ آفس ،نادرا کاؤنٹر،انکم ٹیکس ،سیلز ٹیکس اور کسٹمز کے کاؤنٹر قائم کیے جائیں گے۔اچیومنٹ ایوارڈپیسوں کی بجائے میرٹ پر مفت دیئے جائینگے۔ ایوان کے سالانہ ممبر شپ فیس کے علاوہ تمام دوسری فیسیں ختم کردی جائینگی ۔منشورکا اعلان ایل بی ایف کے چیئرمین محمد امجد چودھری نے کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کی طرف سے لاہور بزنسمین فرنٹ کے قائدین ،امیدواروں اور سپورٹرزکے اعزازمیں دیئے گئے ظہرانے میں کیا گیا۔جس میں لاہوربزنسمین فرنٹ کے صدر راجہ حسن اختر،سردارعثمان غنی،ساجد میر،طاہر ملک سمیت بزنس کمیونٹی کے رہنماؤں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی ۔اس موقع پر کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن عہدیداروں نے متفقہ طور پر لاہور بزنس مین فرنٹ کے امیداروں کی حمایت اور سپور ٹ کا اعلان کیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لاہوربزنسمین فرنٹ کے چیئرمین محمد امجد چودھری نے کہا وہ اقتدار میں آکر چیمبر کی بھاری فیسوں کا خاتمہ کرینگے، انہوں نے چیمبر میں میرٹ کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا ،انہوں نے کہا کہ ایل سی سی آئی اچیومنٹ ایوارڈ بھی پیسے کی بجائے میرٹ کی بنیاد پر دیا جائیگا۔ ممبران کی سہولت کیلئے نادرا اور پاسپورٹ آفس کے سپیشل کاؤنٹر بنوائے جائینگے، اسی طرح ایف بی آرکے تعاون سے سیلز ٹیکس ، انکم ٹیکس اور کسٹمز کے خصوصی ڈیسک قائم کئے جائینگے تاکہ ممبران چیمبر میں ہی ان سہولتوں سے استفادہ حاصل کریں ۔انہوں نے کہا کہ لاہور بزنس مین فرنٹ کو نہ تو اقتدار کی پرواہ ہے نہ ہی کوئی ذاتی ایجنڈا ہے۔ہم صرف بزنس کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور بہتری کیلئے میدان میں اترے ہیں جس کیلئے آپ کو ووٹ اور سپورٹ سے ہمارے ہاتھ مضبوط کرنا ہونگے ۔ملک کی ترقی اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے آپ سب لاہور چیمبر الیکشن میں اپنے حقیقی نمائندوں لاہور بزنس فرنٹ کے امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں۔

مزید :

کامرس -