چھوٹی اور درمیانی صنعتیں عالمی منڈی میں جگہ بناسکتی ہیں: ندیم مصطفی

چھوٹی اور درمیانی صنعتیں عالمی منڈی میں جگہ بناسکتی ہیں: ندیم مصطفی

  

لاہور ( کامرس رپورٹر)چھوٹی اور درمیانی صنعتیں اپنی مصنوعا ت کو مخصوص برانڈ ز کی شکل دیکر عالمی منڈی میں اپنی جگہ بنا سکتی ہیں۔ یہ بات برطانیہ کی یونیورسٹی آف ویلز سے تربیت یافتہ بین الاقوامی مارکیٹنگ ایکسپرٹ ندیم مصطفےٰ نے گزشتہ روزسمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ’سمیڈا‘ کے زیر اہتمام گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے منعقدہ ایک ٹریننگ پروگرام سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ برانڈ ز کی تشکیل اور مارکیٹنگ کے موضوع پر منعقدہ اس ٹریننگ پروگرام سے گجرات چیمبر کے صدر میاں محمد اعجاز اور سمیڈا پنجاب کے پراونشل چیف راجہ حسنین جاوید نے بھی خطاب کیا۔ ندیم مصطفےٰ نے کہا کہ موجودہ عالمی منڈی در حقیقت برانڈز کی منڈی ہے جو برانڈ ایک بار اپنے معیار کا اعتبار حاصل کر لیتا ہے وہ دیر تک کامیاب تجارت کرتا رہتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کے کاروبار ی ادارے بالخصوص ایس ایم ایز اپنی مصنوعات کو برانڈز کی شکل میں عالمی منڈی میں متعارف کروائیں۔ انہوں نے برانڈز کی تشکیل اور ان کی مارکیٹنگ کے حوالے نہ صرف اپنے علم اور تجربے سے شرکاء کو آگاہ کیا بلکہ انہیں ایک سیر حاصل پریزنٹیشن کے مدد سے برانڈز بنانے کے طریقے اور ان سے متعلقہ کسٹمرز کی تلاش اورصارفین کو اپنے برانڈز کی طرف راغب کرنے کے گر بھی بتائے۔

مزید :

کامرس -