پاکستان بنانیکا اہم مقصد اسلامی معاشرے کا قیام تھا،پروفیسررفیق

پاکستان بنانیکا اہم مقصد اسلامی معاشرے کا قیام تھا،پروفیسررفیق

  

لاہور(اپنے خبر نگار سے ) پاکستان کے قیام کا اہم مقصد یہاں ایک مثالی اسلامی فلاحی جمہوری معاشرہ قائم کرنا تھا۔ تحریک پاکستان کے دوران مسلمانان برصغیر نے اتحاد کا عملی مظاہرہ پیش کیا اور ایک پلیٹ فارم پرمتحد ہو گئے۔ نصاب تعلیم میں تحریک پاکستان اور دوقومی نظریہ کے بارے میں زیادہ سے زیادہ مواد شامل کیا جائے۔ ان خیالات کااظہار تحریک پاکستان کے کارکن ونظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں منعقدہ نظریاتی تربیتی ورکشاپ( نمبر131) برائے اساتذۂ کرام کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔ اس ورکشاپ کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض سید عابد حسین شاہ نے انجام دیے۔پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ تحریک پاکستان ایک عوامی تحریک تھی جس میں ہر طبقہ ہائے زندگی کے افراد نے حصہ لیا۔ 1857ء سے 1947ء تک برصغیر میں مختلف تحریکیں چلتی رہیں جن میں مسلمانوں نے بڑی قربانیاں دیں۔1930ء میں علامہ محمد اقبالؒ نے ایک الگ وطن کا تصور پیش کیا جبکہ 1940ء میں قرارداد پاکستان کی منظوری سے مسلمانان برصغیر نے واضح نصب العین کا تعین کر لیا۔ 1945-46ء کے انتخابات میں مسلم لیگ نے قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں تاریخی کامیابی حاصل کی ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -