افواج پاکستان نے قربانیوں کا حق ادا کردیا،خدیجہ عمرفاروقی
لاہور(پ ر) مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب کی آرگنائزر و رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے کہا ہے کہ جنگ ستمبر ہو یا ضرب عضب افواج پاکستان نے قربانیوں کا حق ادا کردیا ،جانثاراران پاکستان مہم پاکستان کے ہر نوجوان کے دل کی آواز ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیراز ی سیکرٹری جنرل یوتھ ونگ ملک شکیل سکندر اور ان کی میڈیا ٹیم کے انچارج فرحان شاہ کی طرف سے جانثاران پاکستان مہم شروع کرنے پر مسلم لیگ ہاؤس میں خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
خدیجہ فاروقی نے کہا کہ "جانثاران پاکستان" کی مہم افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے شروع کی گئی ہے ،وہ افواج پاکستان جس نے قلیل مدت میں آپریشن ضرب عضب کے ذریعے شمالی وزیر ستان اور ملحقہ ایجنسیوں کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کیا اور پاکستان کے تحفظ کے حوالے سے افسران اور جوانوں نے قربانیوں کے نذرانے پیش کرکے جنگ ستمبر کی یادوں کو بھی تازہ کیا ۔ پاکستان کی19کروڑ عوام کو اپنی محب وطن افواج ،اس کے افسران اور نوجوانوں پر فخر ہے ۔ہمیں پورا بھروسہ ہے کہ ہماری بہادر اور جانثار افواج کے ہوتے ہوئے کوئی اندرونی اور بیرونی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ اُٹھا کر نہیں دیکھ سکتا۔