وزیراعظم کااعلان کردہ 20کروڑکافنڈجلد پی ایچ ایف کودیاجائے گا،ریاض پیرزادہ

وزیراعظم کااعلان کردہ 20کروڑکافنڈجلد پی ایچ ایف کودیاجائے گا،ریاض پیرزادہ

  

لاہور (سپورٹس رپورٹر) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ کمیٹی ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی جانب سے ہاکی کی ترقی کے لئے اعلان کردہ 20 کروڑ روپے کا فنڈآئندہ چند روز میں پی ایچ ایف کے حکام کو دیدیا جائے گا ،وزیر اعظم میاں نواز شریف کی ہدایات کے تحت پورے ملک میں کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے بھر پور اقدامات کر رہے ہیں، حکومت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان مدعو کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پاکستان اور عمان کی انڈر۔18ہاکی ٹیموں کے درمیان میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہاکی کی ترقی کے لئے وزیر اعظم نے امریکہ روانگی سے قبل پی ایچ ایف کے لئے 20 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کرنے کی ہدائت کی ہے جو چند دنوں میں ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کے دور میں شروع کئے گئے ضرب عضب کی وجہ سے ملک میں سکیورٹی حالات میں بہتری آئی ہے جس کی وجہ سے اب غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آنا شروع ہو گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کوشش کریں گے کہ ملک میں مزید غیر ملکی ٹیمیں بھی آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایات کے تحت تمام صوبوں کو خطوط لکھے ہیں کہ وہ گراس روٹ سطح پر کھیلوں کے فروغ دیں اور زیادہ سے زیادہ دیہاتی میلوں کا اہتمام کریں ۔ ماضی کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کبڈی، والی بال اور کشتی میں ہمیشہ تمغے حاصل کرتا تھا مگر دہشت گردی کی وجہ سے ان کھیلوں کے انعقاد میں تعطل آنے سے میڈل آنا بھی بند ہو گئے ہیں۔ تاہم ان کی کوشش ہو گی کہ مستقبل میں بہتری آ سکے۔ بارش کی وجہ سے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس لاہورکی گراؤنڈ ازور ارد گرد کے علاقوں میں پانی جمع ہو نے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ مقامی انتظامیہ کا کام ہے ۔ ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے ملک میں کھیلوں کے میدان آباد ہوئے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں مذید ترقی ہوگی ۔پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آئی ہے ۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -