ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ، قواعد وضوابط پر سختی سے عمل کیاجائے گا،وسیم باری

ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ، قواعد وضوابط پر سختی سے عمل کیاجائے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے منیجر وسیم باری نے کھلاڑیوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کا عہدکرتے ہوئے ٹیم میں ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ایک انٹرویو میں وسیم باری نے کہا کہ بطور ٹیم منیجر میرا کام تینوں طرز کے کھلاڑیوں کو قواعد وضوابط پر سختی سے عمل پیرا ہونے کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہاکہ کسی کو بھی کرکٹ کی روح کے منافی طرزعمل اپناتے ہوئے کھیل کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے کہاکہ میں نے تینوں طرز کی ٹیموں کے کپتانوں (مصباح الحق، اظہرعلی اور سرفرازاحمد کو اعتماد میں لیا اور ان کی نگرانی میں کھلاڑیوں سے وابستہ اپنی توقعات کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈسپلن کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ پی سی بی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی رعایت نہ برتنے کی پالیسی ہے۔وسیم باری نے ماضی میں چیف سلیکٹر کے طور پر کئے گئے کام کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ کئی کھلاڑیوں کو ذاتی طور پر اس وقت سے جانتا ہوں جب میں چیف سلیکٹر تھا جس کی بدوولت کسی مسئلے کے بغیران کے ساتھ کام کرنے میں مدد ملے گی تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ نئے کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں کوئی مشکل پیش آئیگی۔قومی ٹیم کے منیجر نے کہاکہ میرے لیے ذاتی طور پر بہت اہم مرحلہ اپنے پرانے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے کھلاڑیوں کے درمیان بھائی چارگی کا ماحول پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم سب کو اس حقیقت کا احساس ہونا چاہیے کہ ہم ٹی ٹوئنٹی کی موجودہ عالمی چمپئن ٹیم سے کھیلنے جارہے ہیں اور یہ پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ کرکٹ ایک غیریقینی کھیل ہے اور مختصر طرز کرکٹ تو غیرمتوقع ترین گیم ہے۔