مسلم لیگی مشتعل نہ ہوں ، تحریک انصاف کے کارکن ہمارے بچے ہیں انکا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے :شہباز شریف

مسلم لیگی مشتعل نہ ہوں ، تحریک انصاف کے کارکن ہمارے بچے ہیں انکا تحفظ ہماری ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر گز اشتعال میں نہ آئیں اور کسی احتجاجی مظاہرے کے خلاف ردعمل کا کوئی اقدام کرنے کی کوشش نہ کریں۔ ڈنڈا بردار فورس جیسے اقدامات قطعاً برداشت نہیں کئے جائیں گے۔عمران خان کے ترقی دشمن طرز سیاست کی وجہ سے ان کے اپنے پرائے ہو چکے ہیں جس کا اندازہ چیچہ وطنی کے ضمنی انتخابات کے حالیہ نتائج سے لگایا جا سکتا ہے۔ عمران خان کی خواہش اقتدار بذریعہ انتشار کبھی پوری نہیں ہو گی۔ لیکن مسلم لیگ(ن) برداشت اور تحمل کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور قانون کے دائرے میں رہ کر اختلاف رائے کے اظہار کے حق کی حفاظت کو اپنا فرض گردانتی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کسی عہدیدار یا کارکن کو کسی بھی شہر یا علاقے میں قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ جو ایسا کرے گا، اس کے خلاف متعلقہ قوانین لازماً حرکت میں آئیں گے ۔محمد شہبازشریف نے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جب کہ پنجاب کے عوام مسلم لیگ(ن) کی قیادت اور کارکردگی پر مسلسل اعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔ جہلم اور وہاڑی کے بعد اب چیچہ وطنی کے ووٹروں نے بھی ضمنی انتخاب میں ہمارے مخالفین کو شکست فاش سے دوچار کردیاہے۔تحریک انصاف کا وہ انتخابی حلقہ جو اس کا مضبوط قلعہ سمجھا جا تا تھا، اس میں شگاف پڑ گیاہے اور اس کے رائے دہندگان نے بھی نفرت اور محاذ آرائی کی سیاست کو دفن کر کے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار کے حق میں وزن ڈال دیاہے، ہمارے کارکنوں کو ثابت قدمی کے ساتھ اپنے طرز سیاست سے وابستہ رہنا اور محبت اور اخوت کا درس عام کرنا ہے۔عمران خان کی ترقی دشمن سیاست کی وجہ سے عوام ان سے متنفر اور بیزار ہو چکے ہیں۔ چیچہ وطنی کے حالیہ ضمنی انتخابات کے نتائج اس کے گواہ ہیں جہاں وہ اپنی ہی جیتی ہوئی سیٹ بری طرح ہار گئے۔ انہوں نے کہاکہ ایک مدت کے بعد لوڈ شیڈنگ سے نجات حاصل کرنے کے منصوبے روبہ عمل ہیں۔ ترقیاتی تعاون کے سب سے بڑے منصوبے سی پیک کے تحت پاکستان کے عوام کی تقدیر بدلنے کے عمل کا آغاز ہوچکاہے، ایسے میں ہمیں جذبات میں بہہ کر اپنی منزل کھوٹی نہیں کرنی بلکہ کامیابی، ترقی اور خوشحالی کے راستے پر اپنے سفر کو تیز تر کرنا ہے۔ ہماری سیاست کا محور عوامی خدمت اور ان کی سیاست حصول اقتدار کی خواہش کے گرد گھومتی ہے۔ عوام پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی اقتدار پرست طرز سیاست کو بہت اچھی طرح سمجھ چکے ہیں۔انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ مظاہرے کے دن متعلقہ علاقے میں پارٹی دفاتر بند رکھے جائیں۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن بھی ہمارے بچوں کی طرح ہیں۔ ان کا تحفظ بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ اسی وجہ سے رائیونڈ مارچ کے احتجاج کے راستے میں مسلم لیگ(ن) کے آفس بند رکھے جائیں گے تاکہ تصادم کا احتمال نہ رہے۔وزیراعلی پنجاب نے مزید کہاکہ میں عوام کی توجہ اس طرف بھی مبذول کرانا ضروری سمجھتا ہوں کہ کشمیر کو اس وقت اہل پاکستان کی غیرمنقسم اور بھرپور توجہ کی ضرورت ہے۔ اب ہم داخلی طور پر کسی انتشار کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ ہمارے کشمیری بھائی آزمائش کی اس گھڑی میں اخلاقی حمایت اور معاونت کے لئے ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف بھارتی جبر و تشدد اور ظلم وستم کے خلاف عالمی رائے عامہ کو بیدار کرنے کے لئے اقوام متحدہ کے دورے پر ہیں۔عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کررہے ہیں اور ان سے تاریخی خطاب بھی کرنے والے ہیں، اس کے ہر محب وطن پاکستانی کو پاکستان میں امن اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ مجھے امید ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے کارکن اس نازک موقع پر اپنی تاریخی روایات برقرار رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ انتشار کی سیاست کی وجہ سے سی پیک کا منصوبہ غیرضروری تاخیر کا شکار ہوا اور اب دھرنا پارٹی کے غیرذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے عوامی ترقی کا عمل متاثرہو رہا ہے۔ عاقبت نااندیشن سیاستدان اپنا طرزعمل بدلنے کو تیار نہیں۔ عمران خان حصول اقتدار کے لئے انتشار کی سیاست کر رہے ہیں۔ لیکن اقتدار پرست سیاستدانوں کو یہ بات سمجھ نہیں آ رہی کہ حکومت اور حصول اقتدار سیاستدان کی منزل نہیں ہوتا بلکہ عوامی خدمت کا ذریعہ ہوتا ہے۔ عمران خان منزل کیسے پا سکتے ہیں؟ ان کے بے راہرو قافلے کی سمت ہی غلط ہے۔وزیراعلی شہبازشریف نے تحریک انصاف کی قیادت سے بھی توقع ظاہر کی ہے کہ وہ حالات کو پرامن رکھنے میں معاونت کریں گے اور کوئی ایسی صورت حال پیدا نہیں ہونے دیں گے، جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کارروائی کرناپڑے۔قانون کی نظر میں تمام شہری برابرہیں اور قانون شکن عناصر کے خلاف کسی امتیاز کے بغیر اقدام کیا جائے گا۔

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبے میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اورکاروباری مواقع بڑھانے کے حوالے سے خودمختار اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اتھارٹی کے قیام کیلئے تیزرفتاری سے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی میں اعلی افسران اورنجی سیکٹر سے سرکردہ افراد کو شامل کیا جائے اوربہترین افراد پر مشتمل ٹیم تشکیل دے کر تیزرفتاری سے آگے بڑھا جائے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جدید تقاضوں کو مدنظر رکھاجائے اورتجارتی سرگرمیاں بڑھانے کیلئے جامع اور موثر حکمت عملی اپنائی جائے ۔متعلقہ محکمے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے اپنا بھر پور کردارادا کریں۔ای۔ گورنمنٹ کے فروغ سے اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اورمعاشی سرگرمیاں بڑھانے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھا یاجائے ۔توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے حکومتی کاوشیں بارآور ثابت ہورہی ہیں ۔چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیاتی نے پنجاب میں تجارتی سرگرمیوں کے مواقعوں کے حوالے سے عالمی بینک کی رپورٹ بارے بریفنگ دی۔صوبائی وز راء میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان،راجہ اشفاق سرور،چوہدری محمد شفیق،ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا،چیف سیکرٹری ، متعلقہ سیکرٹریز،ایوان صنعت و تجارت لاہور کے عہدیداران ،کاروباری شخصیات اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی اور این اے 162 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کے ووٹ کی طاقت سے ضمنی انتخابات میں بھی شفافیت، دیانت اور خدمت کی فتح ہوئی ہے۔ عوام نے دھرنا سیاست کرنے والوں کا ایک بار پھر دھڑن تختہ کر دیا ہے۔ پاکستان کے باشعور عوام جانتے ہیں کہ ان کی بے لوث خدمت کون کر رہا ہے اور انتشار کی سیاست کون؟ انہوں نے کہا کہ خدمت، دیانت اور شفافیت کے سامنے الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست کی کوئی حیثیت نہیں۔ ملک کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو اپنی منفی سیاست ترک کر دینی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت کا سفر پہلے سے زیادہ عزم کے ساتھ جاری رہے گا۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیچہ وطنی میں مخالفین کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کی جیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام پارٹی قیادت سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈینگی سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ محکمے اورادارے متحرک انداز میں فرائض سرانجام دیں۔ لاہور، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں ڈینگی کے مرض کے تدارک کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔ ڈینگی سے نمٹنے کیلئے وضع کردہ پلان پر موثر عملدر آمد ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ متعلقہ وفاقی و صوبائی ادارے اجتماعی کاوشیں بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کے حوالے سے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد میں غفلت یا تساہل کی کوئی گنجائش نہیں۔ ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس پر بھرپور توجہ دی جائے۔متعلقہ اداروں کو گزشتہ برسوں کی طرح جذبے اور محنت سے کام کرنا ہے ۔ ڈینگی کے مرض کی روک تھام کے لئے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -