بھارتی جنگی جنون کیخلاف دفاعی تیاریاں کالا شاہ کا کوسے شیخوپورہ تک موٹروے رن وے میں تبدیل

بھارتی جنگی جنون کیخلاف دفاعی تیاریاں کالا شاہ کا کوسے شیخوپورہ تک موٹروے ...

  

لاہور(کرائم رپورٹر )بھارت کے جنگی جنون اور اشتعال انگیزیوں کے بعد پاک فوج نے بھی دفاعی تیاری پکڑلی ہے اور موٹروے پر جنگی طیاروں کو اتارنے اور اڑانے کے انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے نواحی علاقے کالاشاہ کاکو سے شیخوپورہ تک موٹروے کی دولائنوں کے درمیان موجود دیواریں ہٹالی گئی ہیں اور روایتی ٹریفک کیلئے لگائی گئی سفید ،کالی اور پیلی لائنیں ختم کرکے رن وے کا نشان بنادیاگیا ہے۔تقریباً 15کلومیٹر طویل موٹروے پر ہرطرح کے جہاز ٹیک آف اور لینڈکرسکتے ہیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اس علاقے میں پاک فوج کے اہلکاروں کی نقل وحرکت بھی بڑھادی گئی ہے ،ذرائع کا کہناہے کہ یہاں فوجی مشقیں شروع کی جاسکتی ہیں۔ واضح رہے کہ کچھ سال قبل بھی اس علاقے میں طیارے اتارنے کی مشقیں کی گئی تھیں۔تفصیلات کے مطابق موٹر وے کی تعمیر کے دوران ہنگامی حالات میں موٹر وے کو رن وے کے طور پر استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی موٹر وے کو رن وے کیلئے استعمال کرنے کا یہ پہلا تجربہ نہیں ہے اس سے قبل بھی یہاں فوجی مشقیں کی گئیں یہاں تک کہ F-16طیاروں کی مشقیں بھی عمل میں لائی گئیں تھیں ۔تاہم ایسے اوقات میں موٹر وے کو عام ٹریفک کے لئے بند کر دیا جاتا ہے اور موٹر وے کی سڑک مکمل طور پر رن وے دکھائی دے رہی ہوتی ہے۔اس حوالے سے ٹریفک پولیس کے افسران نے رابطہ کرنے پر ہوائی مشقوں کی تصدیق کی ہے جبکہ موٹر وے پولیس کے ترجمان نے موقف اختیار کیا ہے کہ پریشانی والی کوئی بات نہیں موٹر وے پر مرمت کا کام کیا جا رہا ہے ۔

مزید :

صفحہ اول -