پاکستان کیخلاف کھیل کاتجربہ ایشیاء کپ میں کام آئے گا،شاکرمنیر
لاہور (سپورٹس رپورٹر) عمان ہاکی ایسوسی ایشن کے کوارڈی نیٹر اور عمان کی جونیئر ہاکی ٹیم کے گول کیپنگ کوچ شاکر منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور عمان کی جونیئر ہاکی ٹیموں کے مابین ہونے والی چار میچوں کی سیریز میں عمان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن ہماری ٹیم کو دورہ پاکستان سے کافی تجربہ ملا ہے جو کہ انڈر 18 ایشیا کپ میں کام آئے گا ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان اور عمان کی انڈر 18ٹیمیں 24 سے 30ستمبر تک ڈھاکہ میں ہونے والے چوتھے انڈر 18ایشیا کپ کی تیاریاں کررہی ہیں اور مذکورہ سیریز بھی ان تیاریوں کا حصہ ہے۔ہماری ٹیم نے پاکستان کے خلاف چار میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میچ برابر رہا ۔لیکن بعد کے میچز میں ٹیم کے کھلاڑی پاکستان ٹیم کے خلاف زیادہ خود اعتمادی کا شکار ہوئے اور انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔انہوں نے کہاکہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی ٹیم نے عمان ہاکی ٹیم کو آسان حریف سمجھا جبکہ ہمارے ٹیم نے سخت ٹیم کے خلاف اچھا کھیل پیش کیا جس کی وجہ سے پہلا میچ برابر رہا ۔انہوں نے کہاکہ عمان کی جونیئر ہاکی ٹیم چوتھے انڈر 18ایشیا کپ کی تیاریوں کے لئے مختلف کمبی نیشن آزما رہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان کے خلاف میچز میں کئی تبدیلیا کرکے مختلف کھلاڑیوں کو مواقع دیئے گئے ۔ہار جیت ہمار ے لئے معنی نہیں رکھتی بلکہ ہم اپنے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل میچز کا تجربہ دلوانے کے لئے پاکستان آئے ہیں اور مستقبل میں سینئر ٹیم بھی پاکستان لے کر آ ئیں گے۔۔ پاکستان کو ہاکی میں اپنا بڑا بھائی سمجھتے ہیں ہم پاکستان اور عمان کے درمیان رشتہ مضبوط کر نا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمان میں کافی پاکستانی کھلاڑی لیگ ہاکی کھیلتے ہیں اور ہم مستقبل میں پاکستانی ٹیکنیکل آ فیشلز کو بھی خوش آمدیدکہیں گے تاکہ ہم ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہاکہ ہاکی میں عمان کی ٹیم پاکستان کو فالو کرتی ہے اور جونیئر ایشیا کپ میں میری نیک خواہشات دونوں ٹیموں کے لئے ہیں ۔شاکر منیر نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں بہت ٹیلنٹ ہے لیکن اسے زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل میچز میں حصہ لینا چاہئے اور ملک میں زیادہ سے زیادہ ہاکی لیگز کا انعقاد ہونا چاہئے تاکہ کھلاڑیوں کو تجربہ حاصل ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ عمان کی جونیئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑی اور مینجمنٹ کے اراکین دورہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال سے بالکل مطمئن ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان انٹرنیشنل ہاکی میچز کے لئے محفوظ ملک ہے اور دنیا کی دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان کا دورہ کرنا چاہئے ۔شاکر منیر نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ عمان کی سینئر ہاکی ٹیم پاکستان میں ہونے والے نیشنل ہاکی چیمپئن شپ میں شرکت کرے لیکن اس کے لئے دونوں ملکوں کے ہاکی کے حکام کی اجازت درکار ہے ۔