شہر میں 350اڈے قمار بازی اور منشیات فروشی میں مصروف

شہر میں 350اڈے قمار بازی اور منشیات فروشی میں مصروف

  

 لاہور(بلال چوہدری) صوبائی دارالحکومت میں منشیات فروشی اور قمار بازی کے اڈوں نے نوجوان نسل کو تباہ کر کے رکھ دیا جبکہ پولیس اہلکار ان برائی کے اڈوں کا علم ہونے کے باوجود ان کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کے بجائے مبینہ طور پرمک مکا کر کے خاموش ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں 350 سے زائد قمار بازی کے اڈوں کا انکشاف ہوا ہے، اکثر قمار بازی کے اڈے نسل درنسل چلے آ رہے ہیں اور انہیں پولیس کی سرپرستی حاصل ہے۔قمار بازی کے اڈوں کی بھرمار سے جرائم کی شرح نے زور پکڑ لیا ہے یہ اڈے امن و امان کی صورتحال بھی خراب کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ تھانوں کے ایس ایچ اوز کار خاص کے ذریعے ماہانہ وصول کرتے ہیں۔چھاپہ پڑنے کے بعد اوکے کی رپورٹ کروائی جاتی ہے اور اڈا دوسری جگہ شفٹ ہو جاتا ہے۔ سٹی ڈویڑن کے تھانوں کی حدود میں قمار بازی کے اڈوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے، جبکہ دوسرے نمبر پر کینٹ ڈویڑن اور تیسرے نمبر پر سول لائن ڈویڑن کے ماتحت آنے والے تھانے ہیں۔ذرائع کے مطابق سٹی ڈویڑن کے 22 تھانوں کی حدود میں 103 قمار بازی کے اڈے قائم ہیں۔ مصری شاہ، نولکھا، شاد باغ، اسلام پورہ، بادامی باغ، ٹبی سٹی، لوئر مال، راوی روڈ، شفیق آباد، اور تھانہ شاہدرہ کی حدود میں کئی سال پرانے 42 سے زائد قمار بازی کے اڈے موجود ہیں۔اسی طرح کینٹ ڈویڑن کی حدود میں 86سے زائد قمار بازی کے اڈوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جبکہ سول لائن ڈویڑن کی حدود میں 37سے زائد قمار بازی کے اڈوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں تھانہ قلعہ گجر سنگھ، تھانہ پرانی انارکلی، گجر پورہ اور مزنگ سمیت لٹن روڈ اور گڑھی شاہو میں قمار بازی کے 11 اڈے ایسے ہیں جو کہ کئی سالوں سے چل رہے ہیں۔ ماڈل ٹاؤن ڈویژن اور صدر ڈویژن میں 135 سے زائد قمار بازی کے اڈوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جس میں گرین ٹاؤن، ٹاؤن شپ، کاہنہ، کوٹ لکھپت، سبزہ زار، ہنجروال اور جوہر ٹاؤن سمیت 15 تھانوں کی حدود میں 34 سے زائد اڈے کئی سال پرانے بتائے گئے ہیں۔ جبکہ اقبال ٹاؤن کی ڈویژن کی حدود میں 79 سے زائداڈے موجود ہیں۔یہ ہی صورتحال منشیات فروشی کی ہے ذرائع کے مطابق کینٹ ڈویڑن میں منشیا ت فروشی کا دھندہ سرفہرست ہے، 300 سے زائدمنشیات فروشی کے اڈے سرگرم ہیں۔ صدر ڈویژن میں 205، ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 180 اور سول لائنز میں 115 سے زائد منشیات کے اڈے موجود ہیں۔

مزید :

علاقائی -