اطلاعات تک رسائی کے حوالے سے دائر اپیل پرچیف انفارمیشن کمشنر پنجاب کو نوٹس
لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہورہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس محمد فرخ عرفان خان کی سربراہی میں قائم ڈویژن بنچ نے اطلاعات تک رسائی کے حوالے سے دائر اپیل پرچیف انفارمیشن کمشنر پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس قانونی نکتے پر جواب طلب کرلیا ہے کہ کیا اطلاعات تک رسائی کاحق ہرملکی اور غیر ملکی شخص کوحاصل ہے یا پھر یہ حق صرف پاکستانی شناختی کارڈ اورپاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو ہی دیا جاسکتا ہے ؟ درخواست گزار وکیل عامر محمود چودھری نے موقف اختیار کیا کہ لاہورہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے چیف انفارمیشن کمشنر کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست خارج کردی حالانکہ درخواست میں اطلاعات تک رسائی کے قانون سے انکار نہیں کیاگیا تھا بلکہ اس قانونی نکتہ پر تشریح کی استدعا کی گئی تھی کہ آیا اطلاعات تک رسائی ہر شخص کو ہونی چاہئے یا صرف پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈرکھنے والے شہری کو ہی رسائی دی جاسکتی ہے؟ کسی غیر ملکی شہری یا ایسے شخص جس کے پاس پاکستان کا شناختی کارڈ نہ ہو کو اطلاعات تک رسائی نہیں دی جاسکتی ۔فاضل عدالت نے دلائل سننے کے بعد نوٹس جاری کرتے ہوئے چیف انفارمیشن کمشنر پنجاب سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
اطلاعات رسائی