گوجرانوالہ محتسب اعلیٰ ریجنل ڈائریکٹوریٹ کے قیام کی منظوری

گوجرانوالہ محتسب اعلیٰ ریجنل ڈائریکٹوریٹ کے قیام کی منظوری

  

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)وفاقی حکومت نے گوجرانوالہ میں محتسب اعلی کے ریجنل ڈائریکٹوریٹ کے قیام کی منظوری دے دی، 3ماہ کے اندر ریجنل ڈائریکٹوریٹ بنا دیا جائیگا اور گوجرانوالہ ڈویژن کے وفاقی محکموں سے متعلق محتسب اعلی کے لاہور اور اسلام آباد دفاتر میں زیرالتوا لگ بھگ 1500انکوائریاں گوجرانوالہ ریجنل ڈائریکٹوریٹ منتقل کردی جائیں گی۔ ریجنل ڈائریکٹوریٹ میں ریجنل ڈائریکٹر اور پانچ انویسٹی گیشن افسران تعینات ہوں گے اور یہ ڈائریکٹوریٹ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین اور نارووال کے لوگوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ وفاقی محتسب اعلی کے سینئر ایڈوائزر محسن اسد اور ایڈوائزرز ملک محمد اقبال اور عبدالباسط خاں نے گوجرانوالہ پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محتسب اعلی کو دائر کی جانے والی درخواستوں کا ٹائم فریم 45 روز مقرر کردیا گیا ہے اور اس مدت کے اندر درخواستوں کا فیصلہ کردیا جاتا ہے، شہری واپڈا، سوئی گیس، نادرا، ریلوے، ایف آئی اے، ای او بی آئی، پاسپورٹ اور ایف بی آر کے خلاف زیادہ شکایات بھجوارہے ہیں، جس شہری کو کسی بھی وفاقی محکمے سے متعلق شکایت ہو تو وہ سادہ کاغذ پر اپنے شناختی کارڈ کی کاپی کے ہمراہ درخواست بھجواسکتا ہے، اسکے علاوہ اب آن لائن سسٹم بھی شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت شہری گھر بیٹھے درخواستیں دے سکتے ہیں۔ انہون نے کہا کہ ہمارا طریقہ کار عدالتی طریقہ کار سے مختلف ہے، وفاقی محتسب میں درخواست کی پیروی کیلئے وکیل کی خدمات لینے کی ضرورت نہیں ہوتی، انہوں نے بتایا کہ 80 لاکھ تارکین وطن کیلئے بھی وفاقی محتسب کے دروازے کھلے ہیں، اگر بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو کسٹم، ایئرپورٹ انتظامیہ سمیت کسی بھی محکمے سے کوئی شکایت ہو تو وہ درخواست دے سکتے ہیں۔

محتسب اعلیٰ

مزید :

صفحہ آخر -