نندی پورپاورپراجیکٹ کرپشن کیس سکیورٹی گارڈ عدالت میں پیش
گوجرانوالہ (بیورورپورٹ) نندی پور پاور پراجیکٹ میں آئل کی خریداری سمیت دیگر ریکارڈ کو ضائع کرنے کے مقدمہ میں گرفتار سکیورٹی گارڈ بلقیاس خان کو پولیس نے آج سخت سکیورٹی میں جوڈیشل مجسٹریٹ نزہت جبیں کی عدالت میں پیش کیا ، جہاں پر پولیس نے فاضل جج کو بتایا کہ ملزم کے قبضہ سے چار پھٹے ہوئے رجسٹر برآمد کر لئے ہیں ، پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ معطل سکیورٹی آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ مہتاب عالم کا قریبی ساتھی ہے اور اس نے سیکیورٹی آفیسر مہتاب عالم کے کہنے پر آئل خریداری سمیت سیکیورٹی سٹاف کا حاضری ریکارڈ اور دیگر اہم دستاویزات پھاڑ تے ہوئے ریکارڈ ضائع کیا اور بعد ازاں کمرے کا بیرونی شیشہ توڑ دیا تاکہ یہ تاثر دیا جا سکے کہ کوئی نا معلوم شخص شیشہ توڑ کر اند ر داخل ہوا تھا ، پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے مزید بتایا کہ اس واقعہ کے بعد وہ مہتاب عالم کے پاس چلا گیا جہاں سے وہ مہتاب عالم کے کہنے پر کچھ روز کے لئے روپوش ہو گیا تھا،پولیس نے ملزم کے اس بیان کو مثل مقدمہ بنالیا ہے ،اس موقع پر پولیس نے ملزم سے مزید تفتیش اور برآمدگی کے لے سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، دوسری طرف ملزم کے وکلا نے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ ملزم کے خلاف صفحہ مثل پر کوئی شہادت موجود نہیں ،اس لئے اسے مقدمے سے ڈسچارج کیا جائے،تاہم جوڈیشل مجسٹریٹ نزہت جبیں نے وکلا کے دلائل کی سماعت کے بعد ملزم سے مزید تفتیش اور برآمدگی کیلئے ملزم کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا ہے