متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماسلیم شہزاد کا پاکستان آنے کا اعلان

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماسلیم شہزاد کا پاکستان آنے کا اعلان

  

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما اور الطاف حسین کے قریبی ترین ساتھی سلیم شہزاد نے پاکستان آنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ واپس آکر باقاعدہ ایم کیو ایم کا حصہ بنوں گا۔ میری طرف میلی نظر ڈالنے والے پہلے سوچ سمجھ لیں کہ میں سلیم شہزاد ہوں۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سلیم شہزاد نے کہا کہ وہ آئندہ ایک سے دو ہفتے میں پاکستان واپس آجائیں گے اور یہاں آکر باقاعدہ طور پر ایم کیو ایم پاکستان کا حصہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور انہیں قائد مانتا ہوں ، ایم کیو ایم پاکستان میں ٹارگٹ کلرز، بھتہ خوروں اور چائنہ کٹنگ کرنے والوں سمیت کسی جرائم پیشہ افراد کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ایم کیو ایم ایک نظریاتی جماعت تھی جو لوگوں کی فلاح کے کام کررہی تھی۔ 2001 کے بعد ایم کیو ایم میں ایسے لوگ آئے جنہوں نے پیسے کی طرف بھاگنا شروع کردیا مجھے اور ڈاکٹر عمران فاروق کو اس بات پر شدید اختلافات تھے اسی لیے کنارہ کشی اختیار کی۔انہوں نے دشمنوں کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میں عظیم احمد طارق یا ڈاکٹر عمران فاروق نہیں ہوں ، میری طرف میلی نظر ڈالنے والے پہلے سوچ سمجھ لیں کہ میں سلیم شہزاد ہوں۔ندیم نصرت سمیت دیگر رہنماؤں کو پارٹی سے نکالے جانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے سلیم شہزاد کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت نے بہت اچھا فیصلہ کیا ہے لیکن یہ فیصلہ بہت پہلے ہی ہوجانا چاہیے تھا۔واضح رہے کہ سلیم شہزاد 2012 سے خود ساختہ جلاوطنی کاٹ رہے ہیں جبکہ وہ ایم کیو ایم کے بانی رہنما ہیں۔

سلیم شہزاد

مزید :

علاقائی -