حضرت باباگنج شکر کا سالانہ عرس 28ستمبر سے پاکپتن میں شروع ہوگا

حضرت باباگنج شکر کا سالانہ عرس 28ستمبر سے پاکپتن میں شروع ہوگا

  

لاہو ر(خبر نگار خصوصی )حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کا 774واں سالانہ عرس 28ستمبر سے پاکپتن میں شروع ہوگا ۔ عرس کی پندرہ روزہ تقریبات میں بہشتی دروازہ کھولنے کی مرکزی رسم 5محرم الحرام ہوگی۔ عرس کے موقع پر محکمہ اوقاف کی طرف سے سیکیورٹی، صفائی ،لنگر، زائرین کے لیے سہولیات کی فراہمی اورفکرِ فرید کانفرنس ، قومی محفل قرأت ونعت سمیت خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ عرس مبارک کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے دربار حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر ؒ پاکپتن میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں نوازش علی سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب، ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف پنجاب،عرفان احمد سندھو ڈسٹرکٹ کوآرڈنیشن آفیسر پاکپتن شریف ،کامران یوسف ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر پاکپتن شریف،حبیب اللہ بھٹی کوارڈینیٹر اوقاف و مذہبی امور پنجاب، چوہدری طاہر احمد ایڈمنسٹریٹر اوقاف پاکپتن شریف ، احمد مسعود چشتی ولی عہد سجادہ نشین دربار عالیہ ،دیوان عظمت سید محمد چشتی نے شرکت کی ۔عرس شریف کے دوران محفل سماع کے بہتر انتظا م انصرام کیلئے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو سجادہ نشین، ضلعی انتظامیہ،پولیس اور اوقاف ایڈمنسٹریشن کے نمائندگان پر مشتمل ہوگی ، جس میں ڈی او سی پاکپتن (نمائندہ ڈی سی او پاکپتن)، ڈی ایس پی (نمائندہ ڈی پی او پاکپتن )،دیوان عظمت سید محمد چشتی(نمائندہ سجادہ نشین دربار عالیہ)،زونل ایڈ منسٹریٹر اوقاف پاکپتن(نمائندہ محکمہ اوقاف) شامل ہوں گے۔ مزید براں عرس شریف میں امن و امان کی صورت کو بہتر بنانے کے لیے اندرون دربار شریف تین عدد واک تھرو گیٹس پہلے سے نصب شدہ ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اندرون دربار شریف ہنگامی صورتحال کے پیش نظر دو عدد نئے واک تھرو گیٹس خرید کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسی طرح ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 60 عدد آہنی بیر ئیرز ، چار عدد نئے اضافی آہنی گیٹس اور محکمہ پولیس کی جانب سے تین عدد نئے اضافی آہنی گیٹس کی تجویز پیش کی گئی جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے 50عدد آہنی بیرئیرز کی تجویز کو بھی زیر بحث لایا گیا۔

مزید :

علاقائی -