آرکٹک میں برف کی کمی سے سمندری بگلے ختم ہورہے ہیں، سائنسدان
گرین لینڈ(مانیٹرنگ ڈیسک)آرکٹک خطے میں برف تیزی سے کم ہورہی ہے اور وہاں عام پائے جانے والے خوبصورت سمندری بگلے تیزی سے کم ہورہے ہیں۔ان سمندری بگلوں کو ا?ئیوری گلز کہا جاتا ہے جو آرکٹک کے پاس بڑی تعداد میں موجود تھے۔ یہ جتھوں کی صورت میں اپنی زندگی برف کے پاس گزار دیتے ہیں۔ یہاں مچھلیاں اور دیگر جاندار ان کی خوراک بنتے ہیں اور مرجانے والے برفانی ریچھوں اور سیلز کو بھی کھاکر گزارہ کرتے ہیں۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ 1980 کے مقابلے سے 2000 کے عشرے میں ان کی آبادی اس تیزی سے کم ہوئی ہے کہ اس میں 80 فیصد کمی واقع ہوچکی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان پرندوں کی کالونیوں اور جتھوں میں بہت سارے بگلے دیکھے گئے تھے، اگرچہ ہر گھونسلے کا جائزہ نہیں لیا گیا لیکن محتاط اندازے سے کہا جاسکتا ہے کہ ان خاص پرندوں کی تعداد تیزی سے کم ہورہی ہے۔ 2007 سے قبل ہر سال اس سے 6 گنا زائد سمندری بگلے نوٹ کیے گئے تھے۔ لیکن معلوم نہیں ہوسکا کہ پرندے آخر کہاں گئے۔ ایک خیال تو یہ ہے کہ برف کم ہونے سے خوراک کم ہوئی اور پرندے مرگئے جب کہ شاید وہ دوسرے مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔