پانی اخراج میں کمی سے ہائیڈل پیداوار متاثر،لوڈشیڈنگ میں اضافہ

پانی اخراج میں کمی سے ہائیڈل پیداوار متاثر،لوڈشیڈنگ میں اضافہ

  

لاہور (کامرس رپورٹر)بجلی کی پیداوار میں کمی اور ڈیمانڈ میں اضافہ سے شارٹ فا ل مزید بڑھ گیا جس سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کر دیا گیا ۔ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس شدہ رہنے کے باعث بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا جبکہ دوسری جانب ارسا کی جانب سے ڈیموں سے پانی کا اخراج کم کر دینے سے بجلی کی پیداوار میں کمی ہوئی ۔ ارسا نے تربیلا سے پانی کا اخراج 145000 کیوسک سے کم کرکے 105000کیوسک کر دیا ہے جس سے ہائیڈل کی پیداوار کم ہوئی ۔ تاہم گزشتہ روز لاہور ڈویژن میں دوپہر کے وقت ہونے والی بارش سے لیسکو کی ڈیمانڈ میں کمی ہوئی بارش سے لیسکو کے 24 فیڈرز ٹرپ ہوئے جن کی بحالی بارش رکنے کے بعد کر دی گئی کئی مقامات پر ٹرانسفارمر بھی جل گئے جن کی تبدیلی میں تاخیر ہوئی ۔ بارش سے قبل لیسکو کے بند روڈ گرڈ میں نقص پیدا ہو گیا جس سے بند روڈ سے لیکر ٹھوکر نیاز بیگ تک کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی بندش ہو گئی اسی دوران بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جس کے باعث نقص دور کرنے میں مشکلات پیش آئیں تاہم بارش رکنے کے بعد نقص دور کر دیا گیا متاثر علاقوں میں تین گھنٹے تک بجلی کی بندش رہی ۔ گزشتہ روز بڑے شہروں میںآٹھ سے دس گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں و چھوٹے شہروں میں بارہ سے چودہ گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔

مزید :

علاقائی -