باہمی تعلقات کو بچانے کیلئے افغان الزام تراشی کا سلسلہ بند ہونا چاہے مشیر قومی سلامتی
اسلام آباد(اے این این) وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے افغان قیادت کی پاکستان مخالف بیان بای کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ باہمی تعلقات کو خرابی سے بچانے کیلئے الزام تراشی کا سلسلہ بند ہو نا چاہیے،پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جو خطے کے امن کے لئے کردار ادا کر رہا ہے ، افغان مفاہمتی عمل کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔وہ اسلام آباد میں ملاقات کرنے والے یورپی یونین کے پاکستان اور افغانستان کے لئے نمائندہ خصوصی فرانس مائیکل سے گفتگو کر رہے تھے ۔ناصر جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور خطے میں قیام امن کے لئے اہم کردار ادا کررہاہے۔قومی سلامتی کے مشیر نے افغان حکومت کی زیر نگرانی امن عمل کے ذریعے افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستا ن کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان افغانستان میں مفاہمت اور امن کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا انہوں نے افغان قیادت کے پاکستان مخالف حالیہ بیانات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ الزام تراشی اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے تاکہ دو طرفہ تعلقات میں خرابی پیدا نہ ہو۔ملاقات کے دوران باہمی تعاون کے شعبوں اور خطے کی سلامتی کو مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔یورپی نمائندے نے خطے میں امن و استحکام اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور قربانیوں کو سراہا۔