عوام کو تخت حکمرانی کیلئے دھرنوں اور سی پیک پر لڑایا جا رہا ہے، افضل شاہ خاموش

عوام کو تخت حکمرانی کیلئے دھرنوں اور سی پیک پر لڑایا جا رہا ہے، افضل شاہ ...

  

چارسدہ (بیورورپورٹ) مزدور کسان پارٹی کے مرکزی صدر افضل شاہ خاموش نے کہا ہے کہ عوام کوتحت حکمرانی کیلئے دھرنوں اور سی پیک پر لڑایا جا رہا ہے۔ شریف برادران پنجاب کو پاکستان سمجھ کر تین صوبوں کو علیحدگی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ حکمران جماعت اپنے لوگوں کے علاوہ کسی کو پاکستانی نہیں سمجھتے ۔ وہ شمالی ہشنگر کے علاقہ پنڈی کلے میں سربلند خان کے زیر صدارت منعقدہ اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجتماع سے پارٹی کے ، صوبائی نائب صدر شیر بہادر اور ضلعی صدر حسین شاہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سینکڑوں افراد نے مختلف سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہو کر مزدور کسان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ پارٹی کے مرکزی صدر افضل شاہ خاموش نے اپنے خطاب میں کہا کہ مضبوط پاکستان کیلئے مستحکم ریاستی ادارے لازم و ملزوم ہیں مگر شریف برادران نے ریاستی اداروں پر اپنے نا اہل لوگوں کو بٹھایاہے جس کی وجہ سے عوام کے فلاح و بہبود کے لئے بنائے گئے تمام ریاستی ادارے تباہی کے دہانے پر ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران اپنے لوگوں کے سوا کسی کی بات سنتے اور نہ وہ دوسروں کو پاکستانی سمجھتے ہیں ۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام آئین پاکستان میں بنیادی شہری حقوق سے محروم ہیں ۔ بے روزگاری اور مہنگائی کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے ۔ تبدیلی کے دعویدار خیبر پختونخوا میں عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہ دے سکے ۔ تحت حکمرانی کے جنگ میں عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے ۔ عوام کے بنیادی حقوق اور امتیازی سلو ک پر کوئی سیاسی پارٹی دھر نا نہیں دیتا مگر تحت حکمرانی پر قبضہ جمانے کے لئے دھرنوں کی سیاست کی جا رہی ہے ۔شریف برادران پنجاب کو پاکستان سمجھ کر تین صوبوں کو علیحدگی کی طرف لے جا رہے ہیں جس کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے ۔ حکمران جماعتیں کرپشن ختم کر سکتی ہے اور نہ صاف ستھرا نظام لا سکتی ہے ۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ طبقاتی نظام ختم کئے بغیر کوئی تبدیلی نہیں لا ئی جا سکتی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -