کرپشن اور نجی سود کیخلاف بل پاس کر کے تاریخی کارنامہ سرانجام دیا، ملک شاہ محمد خان وزیر

کرپشن اور نجی سود کیخلاف بل پاس کر کے تاریخی کارنامہ سرانجام دیا، ملک شاہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( پاکستان نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شاہ محمد خان وزیرنے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ اسمبلی میں کرپشن اور نجی سود کے خلاف بل پاس کر کے تاریخی اقدام اٹھایا ہے، کیونکہ اس سے پہلے جتنی بھی حکومتیں گزری ہیں کسی بھی حکومت نے سود کے خلاف بل پاس کرنا تو دور کی بات پیش بھی نہیں کیا ہے۔اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ صرف انتخابات کے دنوں میں اسلام کا سہارا لیتے ہیں اور اسلام کے ٹھیکیدار بنے ہوتے ہیں جبکہ تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف ہو کر ان کے خلاف مختلف فتوے جاری کر رہے ہیں لیکن اسلا م کیلئے اگر کچھ کیا ہے تو وہ صرف تحریک انصاف کی حکومت نے ہی کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کیلئے فنڈز و سولر سسٹم اور لیپ ٹاپ کی فراہمی اور رجسٹریشن کیلئے NOCکی شرط ختم کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ نے پچھلے دنوں علماء کرام کے ساتھ جرگہ کیا تھااور اب اسمبلی سے نجی سود کے خلاف بل پاس کر کے ان لوگوں کے منہ بند کئے ہیں جو خود کو اسلام کے ٹھیکیدار سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران اپنی قوم کے ساتھ وعدہ کیا تھا کہ اسلا م کی سربلندی کیلئے جب بھی اسمبلی فلور پر بات ہو گی میں کرسی اور جھنڈے کی پروا ہ کئے بغیر اپنا سب کچھ اسلام کے نام پر قربان کروں گا اور آج سود کے خلاف بل پیش ہونے کے موقع پر عملی طور پر یہ ثابت کر دیا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ آئندہ جب بھی اسلا م کی سر بلندی کی بات ہو گی تو وہ ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کرپشن اورسود کے خلاف بل پاس ہونے پر خیبر پختونخواہ کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں تحریک انصاف کی حکومت اور ان کے اتحادیوں کا یہ کارنامہ سنہرے الفاظ میں لکھا جائیگا۔