کرپشن ہمارے معاشرے کو دیمک کی طرح کھارہی ہے،عارف شیرازی

کرپشن ہمارے معاشرے کو دیمک کی طرح کھارہی ہے،عارف شیرازی

  

راولپنڈی ( نیوز رپورٹر)امیرجماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ کرپشن ہمارے نظام کو دیمک کی طرح کھا رہی ہے ۔ اس کے تدارک کے لئے بڑے پیمانے پر ٹھوس اقدامات نہ اُٹھائے گئے تو پورا ریاستی ڈھانچہ زمین بوس ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 9 ،پی پی 10 اور پی پی 11 میں تنظیمی دورے کے دوران مختلف مقامات پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکمران کرپشن اور لوٹ مار میں ملوث ہیں ۔اب ایک دوسرے کی کرپشن کو چھپانے کے لئے عوام کی آنکھوں میں دُھول جھونک رہے ہیں ۔ ان شا اللہ کرپٹ عناصر کا یوم حساب قریب آ رہا ہے ۔ کیونکہ کرپشن کرنے والے عوام کے سامنے بُری طرح بے نقاب ہو چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ۔وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں کرپشن سب سے بڑی رکاوٹ بن چکی ہے ۔ جب تک کرپشن کو جڑ بنیاد سے نہیں اُکھا ڑا جائے گا۔ ملک شاہراہ ترقی پر نہیں چل سکتا۔ انہو ں نے کہا کہ لوگوں کے سامنے جماعت اسلامی کے قائدین اور منتخب نمائندوں کا کردار کھلی کتاب کی طرح ہے ۔آئندہ آنے والے انتخابا ت میں عوام جماعت اسلامی کے نمائندوں کو کامیاب بنائیں تو ملک میں ایک مثبت تبدیلی آ سکتی ہے ۔سید عاف شیرازی نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک اور عوام کو بہترین معاشی پالیسی دے کرترقی اور خوشحالی کے بند دروازے کھول سکتی ہے ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -