وزیراعظم آج دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کریں گے

وزیراعظم آج دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کریں گے
وزیراعظم آج دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کریں گے

  

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم نوازشریف آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے ،بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر ظلم و بربریت کا پردہ بھی چاک کریں گے۔وزیراعظم اپنی تقریر میں عالمی برادری کو یہ بھی باور کرائیں گے اگر بھارت کو جارحیت سے نہ روکا گیا تو نہ صرف یہ خطے بلکہ عالمی امن کیلے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔ نوازشریف  دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور آپریشن ضرب کی کامیابیوں کا بھی ذکر کریں گے۔ وزیر اعظم دنیا میں مہاجرین کے مسلئے اور معاشی نا ہمواری کو بھی اپنی تقریر کا حصہ بنائیں گے اور مہاجرین کی باعزت واپسی کے اقدامات پر زور دیں گے۔ 

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی  مظالم نواز شریف کی تقریر کا اہم حصہ ہیں سیکریٹری داخلہ اعزاز احمد چودھری کے مطابق خطا ب کے اہم نکات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،اپنی تقریر میں نوازشریف بلوچستان سمیت پاکستان میں بھارتی مداخلت کا معاملہ بھی اٹھائیں گے۔سیکریٹری داخلہ کے مطابق نیو یارک میں نوازشریف کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، جاپانی وزیراعظم سے ملاقات میں انہیں خطے کی صورتحال اور بھارت کے جنگی جنون سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔ ترک صدر اور برطانوی وزیراعظم سے ملاقاتوں میں بھی باہمی تعلقات کے ساتھ ساتھ کشمیر کی صورتحال زیر غور آئی۔امریکی مطالبے پر وزیراعظم نے واضح کردیا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام محدود نہیں ہوگا، دنیا بھارت سے بھی وہی اقدامات کرائے  جن کیلئے پاکستان پر دباؤ ڈالا جاتا ہے۔اعزاز احمد چودھری کے مطابق پاکستان اپنا ایجنڈا لیکر اقوام متحدہ میں آیا ہے ،وزیراعظم نوازشریف کا آج کا خطاب انتہائی اہم ہوگا،وزیراعظم کشمیر کا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھیں گے۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -