روس نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں منسوخ کرنے کا مطالبہ دوسری بار مسترد کر دیا

روس نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں منسوخ کرنے کا ...
روس نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں منسوخ کرنے کا مطالبہ دوسری بار مسترد کر دیا

  

ماسکو(ڈی این ڈی) روس نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ24 ستمبر سے شروع ہونے والی مشترکہ فوجی مشقیں منسوخ کرنے کا مطالبہ دوسری بارمستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کی افواج کی مشترکہ مشقیں”دوستی2016“ طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوں گی۔

سفارتی اور عسکری ذرائع کے مطابق جنوبی ملٹری ڈسٹرکٹ سے تعلق رکھنے والے 200روسی فوجیوں کا دستہ 24ستمبر سے 7اکتوبر تک جاری رہنے والی پاکستان اور روس کی پہلی فوجی مشقوں میں شرکت کے لئے 23ستمبر کو پاکستان پہنچے گا۔

واضح رہے کہ بھارت کی وزارت خارجہ نے روسی حکام کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ روس کو پاکستان کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں منسوخ کر دینی چاہئے۔ علاوہ ازیںبھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے 18ستمبر کو اپنا روس کا طے شدہ دورہ ملتوی کر دیا تھا تاہم بھارتی حکام کا کہناہے کہ وزیر داخلہ کا دور ئہ روس کشمیر کے ضلع بارہ مولا کے قصبے اوڑی میں عسکری پسندوں کے بھارتی فوجیوں کے کیمپ پر حملے کی وجہ سے ملتوی کیا گیا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان مشترکہ فوجی مشقیں ”دوستی 2016“ طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوں گی اور ماسکو نے نئی دلی کو مطلع کر دیا ہے کہ ان مشقوں کو منسوخ نہیں کیا جا سکتا۔ایک سینئر روسی سفارت کار کا کہنا ہے کہ مشترکہ فوجی مشقوں سے بھارت کو فکر مند نہیں ہونا چاہیے۔

پاکستان کا بھارت کے خلاف حملے کے لیے پہل نہ کرنے کا فیصلہ لیکن ۔ ۔۔  تفصیلات کیلئے یہاں کلک کریں۔

فوجی اسٹیبلشمنٹ کے اندر موجود ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورت حال کے حوالے سے پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات بہت اہمیت کے حامل ہیں ۔روس کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل ویلیری گیراسیموف نے رواں سال اگست میں اپنے پاکستانی ہم منصب جنرل راشد محمود کے ساتھ ملاقات کے دوران اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ روس پاکستان کے ساتھ طویل المدتی، مستحکم اور قابل اعتماد فوجی تعلقات چاہتا ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت کے نجی ٹی وی چینل سی این این نیوز 18 نے ایک خبر نشر کی تھی کہ روس نے پاکستان کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں منسوخ کر دی ہیں۔

مزید :

بین الاقوامی -