قومی کرکٹ ٹیم سمیت51 کھلاڑیوں کی ٹیکس تفصیلات قومی اسمبلی میں جمع
اسلام آباد(نیٹ نیوز)وزارت بین الصوبائی رابطہ نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی ٹیکس تفصیلات قومی اسمبلی میں جمع کرادی ہیں۔ دستاویزات کے مطابق موجودہ قومی کرکٹ ٹیم سمیت51کھلاڑی ٹیکس نیٹ میں شامل کئے گئے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم میں سب سے زیادہ ٹیکس سرفراز احمد نے جبکہ سب سے کم ٹیکس ناصر جمشید نے دیا۔تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے ٹیکس جمع کرانے کی دستاویزات جمع کرا دی ہیں، ان دستایزات کے مطابق 2015۔16میں کھلاڑیوں سے 6 کروڑ ساڑھے 8 لاکھ روپے سے زائدٹیکس وصول کیا گیا۔ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ کپتان سرفراز احمد نے 37 لاکھ 87 ہزار 215 روپے ٹیکس دیاجبکہ سب سے کم ناصر جمشید نے 22 ہزار 260 روپے ٹیکس دیا۔ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ نے 36 لاکھ 77 ہزار 54 روپے ، شاہد آفریدی نے 34 لاکھ 28 ہزار 450 روپے ،مصباح الحق نے 30 لاکھ 17 ہزار 447 روپے اور اظہر علی نے 21 لاکھ 68 ہزار 179 روپے ٹیکس دیا۔ اسی طرح اسد شفیق نے 17 لاکھ 85 ہزار 149 روپے اور محمد عرفان نے17 لاکھ 93 ہزار 465 روپے،ذوالفقاربابر نے12لاکھ 55 ہزار 774روپے ٹیکس جمع کرایا ہے۔ 10 لاکھ 53 ہزار 225 روپے ٹیکس ادا کرکے بابر اعظم اس فہرست میں دسویں نمبر پر رہے۔
، اسی طرح سیلفی کنگ احمد شہزاد نے 8 لاکھ 77 ہزار 800 روپے،محمد سمیع نے 8 لاکھ 56 ہزار 542 روپے،سعید اجمل نے 8 لاکھ 35 ہزار 20 روپے،خالد لطیف نے 8 لاکھ 7 ہزار 325 روپے اور محمد عامر نے 8 لاکھ 5 ہزار روپے ٹیکس قومی خزانے میں جمع کرایا۔ قومی اسمبلی کی دستاویزات کے مطابق فخرزمان،حارث سہیل،حسن علی،عمادوسیم بھی ٹیکس نیٹ میں شامل کیا گیاجبکہ اظہر علی،بابر اعظم، بلال آصف،فہیم اشرف کو بھی ٹیکس دینا ہوگا۔ اسی طرح عامریامین،احمد شہزاد،اسدشفیق،آصف ذاکرکوٹیکس نیٹ میں رکھاجائے گا۔