حکومت نے اقلیتوں کی بہتری کیلئے موثر اقدامات کئے،خلیل سندھو
لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور اقلیتوں کو امتیازی رویوں سے بچانے کیلئے حکومت پنجاب نے صوبائی سطح پر موثراقدامات کیے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے تاکید کی ہے کہ اقلیتی برادری کے تمام جائز مطالبات کا فوری حل نکالا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں قائم اپنے چیمبر میں جنوبی پنجاب سے آئے ہوئے9ڈسٹرکٹ کے اقلیتی وفد سے ایک ملاقات کے دوران کیا۔ وفد ڈی جی خان،مظفر گڑھ ، لیہ ، ملتان ،راجن پو ر، خانیوال ، بہاولپور ، لودھراں اورہارون آباد کے ڈسٹرکٹس پر مشتمل تھا اور اس کی صدارت شہزاد سیمول مال نے کی۔وفد نے صوبائی وزیر کو اقلیتی برادری کے حوالے سے درپیش آنیوالے مسائل سے آگاہ کیاکہ اقلیتی برادری کے لئے ڈسٹرکٹس میں کوئی نمائندگی نہیں ہے اور نہ ہی عرصہ دراز سے فنڈز وغیرہ مل سکے ہیں۔ہمارے قبرستانوں اور گرجا گھروں کے لئے کوئی مخصوص مقام نہیں ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب اورگورنر پنجاب کے ساتھ بھی کوئی اقلیتی ایڈوائزر موجود نہیں ہے۔انہوں نے صوبائی و زیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو سے درخواست کی کہ ہمارے مطالبات کی منظوری میں ہماری مددکی جائے۔ صوبائی وزیر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ خود ان کے تمام جائز مطالبات ایک درخواست کی شکل میں وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس لیکر جائیں گے اور مکمل کوشش کریں گے کہ آپ کے ڈسٹرکٹس کیلئے خصوصی فنڈز کا اجراء کرواسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کی عوام بالخصوص اقلیتی برادری میں احساس محرومی کے خاتمہ کیلئے 5فیصد کا کوٹہ مختص کرایاہے۔