البیراک ویسٹ مینجمنٹ کے گورنمنٹ سلیم ماڈل سکول میں تقریری مقابلے
لاہور(پ ر)البیراک ویسٹ مینجمنٹ کے زیرِ اہتمام ’’ہر جگہ ہم سمجھیں اپنا گھر‘‘کے زیرِ عنوان بدھ کے روز گورنمنٹ سلیم ماڈل ہائی سکول، لوئر مال میں ایک روزہ تقریری و آرٹ مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔یوسی 63 میں منعقدہ سرگرمی کے دوران البیراک کمیونیکیشنز ٹیم نے سکول طلباء کو صفائی ستھرائی اور اس کے مثبت نتائج کے حوالے سے تفصیلی لیکچر دیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ گلی محلے میں کوڑا کرکٹ پھینکنے سے گریز کریں اور ویسٹ کنٹینرز کا استعمال یقینی بنائیں۔ تقریری مقابلے میں طلباء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جبکہ آرٹ مقابلے میں مختلف تصاویر اور چارٹ پیپرز کی مدد سے صفائی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔مقابلے میں جیتنے والے پوزیشن ہولڈرز طلباء میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔سرگرمی کے اختتام پر سکول کی حدود میں صفائی ستھرائی کو فروغ دینے کیلئے کوڑا دان بھی نصب کئے گئے۔ سکول کی انتظامیہ نے البیراک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیوں سے بچوں کو مزید سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ البیراک کے ڈپٹی منیجر آپریشنز واجد علی اور اسسٹنٹ منیجرز سہیل محمود، سعدیہ رفیق، مبشر تنویر اورسلمان اعجاز بھی سرگرمی میں شریک تھے۔