واسا کا محرم الحرام کیلئے پلان جاری ، تمام آپریشن سٹاف کی چھٹیاں منسوخ
لاہور( جنرل رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا سیّد زاہد عزیز نے تمام ٹاؤنزکے ڈائریکٹرز کا محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس طلب کیا ۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران تمام آپریشن سٹاف کی چُھٹیاں منسوخ کر دی گئی ۔تمام زائرین کو واسا سے متعلق تمام سہولیات بہم پہنچائی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ عاشورہ کے جلوسوں کے تمام راستوں میں سیوریج کے نظام کو مانیٹر کرتے ہوئے ابھی سے ڈیسلٹنگ کے کام کو ہنگامی بنیادوں پر شروع کیا جائے۔ واٹر سپلائی لائنوں کی فلشنگ اور کلورینیشن کر کے پانی کی فراہمی کو بلا تعطل یقینی بنایا جائے۔ مساجد اور امام بارگاہوں کے ارد گرد سیوریج کی کارکردگی کا خصوصی جائزہ لیا جائے اور جلوسوں کے روٹس پر کسی بھی جگہ سیوریج کا پانی کھڑا نہ ہو ۔ تمام مین ہولز پر ڈھکن موجود ہوں۔ جگہ جگہ واٹر ٹینکر کھڑے کیے جائیں تاکہ جلوسوں کے شرکاء کو وافر مقدار میں پانی فراہم ہو سکے اور راؤنڈ دی کلاک اس کی رپورٹ مرتب کرکے اتھارٹی کو مہیا کی جائے۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشن) کو انچارج مقرر کیا گیا ہے ۔جنہوں نے متعلقہ افسران اور عملہ کو ہدایت کی ہے کہ احکامات پر سختی سے عمل کیا جائے ۔محرم الحرام میں فرائض کی ادائیگی لگن اور محنت سے کی جائے اور اس احترام کے مہینے میں واساکا عملہ اور افسران شہریوں کو بروقت سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑیں اور واسا کے جاری کردہ SOP پر سختی سے عمل کیا جائے اور مزید کہا کہ اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔