چین اور روس کی جانب سے شمالی کوریا کا مسئلہ پر امن طریقے سے حل کرنے پر زور
نیویارک(این این آئی)چینی اور روسی وزرائے خارجہ نے جزیرہ نما کوریا کے تنازعے کو پر امن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات ان دونوں ممالک کی طرف سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر کہی گئی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وینگ ڑی اور روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے تمام فریقوں پر زور دیاکہ وہ پیونگ یانگ کے ساتھ جاری تناؤ کے ’’پر امن حل‘‘ کا راستہ تلاش کریں۔ چینی وزیر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل درآمد کے لیے امن مذاکرات کی بحالی بھی ضروری ہے۔