ہائیکورٹ : 337ایف کے تحت کارروائی کی سفارش پر مبنی میڈیکل رپورٹ مسترد ، ڈاکر کی سرزنش
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہورہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ ڈاکٹر کا کام میڈیکل رپورٹ دینا ہے، دفعات پولیس نے شامل کرنی ہوتی ہیں۔ مسٹر جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے یہ ریمارکس سبزہ زار لاہور کے 4شہریوں کی ضمانت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے دیئے ۔درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیا رکیا کہ ان کے خلاف سبزہ زار پولیس نے ندیم کو زخمی کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کررکھا ہے ،درخواست میں کہا گیا کہ یہ مقدمہ غیر قانونی میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر درج کیا گیا ،عدالت کے حکم پر متعلقہ ڈاکٹر اسامہ نے میڈیکل رپورٹ پیش کی جس میں ملزمان کے خلاف337ایف کے تحت کارروائی کرنے کی سفارش کی گئی تھی ،عدالت نے میڈیکل رپورٹ مسترد کرتے ہوئے ڈاکٹر کو مخاطب کرکے ریمارکس دیئے کہ آپ کون ہوتے ہیں مقدمات میں دفعات شامل کرنے کا کہنے والے ؟ ڈاکٹر کا کام صرف میڈیکل رپورٹ دینا ہے ،ڈاکٹر نے عدالت کو بتایا کہ انہیں نوکری شروع کئے صرف 4ماہ ہوئے ہیں ۔انہوں نے عدالت سے معذرت طلب کی ، عدالت نے ملزموں کی ضمانت کی درخواستیں منظور کرلیں۔
میڈیکل رپورٹ مسترد