بحریہ ٹاؤن فائرنگ کیس ، 23ملزمان نے دہشتگردی کی دفعات چیلنج کردیں
لاہور(نامہ نگار)انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بحریہ ٹاؤن تلوارچوک میں فائرنگ کرنے کے مقدمہ میں ملوث نامزد ملزم اکرم سمیت 23ملزموں نے دہشت گردی کی دفعات کو چیلنج کردیا جس پر عدالت نے وکلا کو23ستمبر کو بحث کے لئے طلب کرلیاہے۔انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بحریہ ٹاؤن میں فائرنگ کرنے کے الزام میں 23ملزمان کی طرف سے درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی ،عدالت نے متعلقہ پولیس سے مقدمے کا ریکارڈ طلب کیا، گزشتہ روزملزمان کے وکلا ء نے دہشت گردی کی دفعات کو چیلنج کردیا اورعدالت کو بتایا گیا کہ اس کیس کو سیشن کورٹ منتقل کیا جائے عدالت میں مدعی کے وکیل نے درخواست دی کہ کیس کو سیشن کورٹ نہ بھجوایا جائے کیونکہ یہ کیس دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے، وقوعہ کے وقت کلاشنکوفیں سے فائرنگ ہوئی اور علاقے میں خوف وہراس پھیلایا گیا ہے ،عدالت نے دونوں موقف سامنے آنے پر وکلا کوآئندہ سماعت بحث کے لئے طلب کرلیا ہے۔