معیشت کے استحکام ،قومی سلامتی کے تناظر میں قومی پالیسی کیلئے اے پی سی بلائی جائے، آل پاکستان انجمن تاجران

معیشت کے استحکام ،قومی سلامتی کے تناظر میں قومی پالیسی کیلئے اے پی سی بلائی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کو الگ الگ سمت میں چلنے کی بجائے مضبوط اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا ،حکومت مشکلات کا باعث بننے والے دیرینہ مسائل کے حل ، معیشت کے استحکام اورملک و قوم کی سلامتی کے تناظر میں متفقہ قومی پالیسی کا اعلان کرنے کیلئے فی الفور اپنی سرپرستی میں آل پارٹیز کانفرنس طلب کر ے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات ہم سے نفاق کی بجائے بھرپور اتحاد کا تقاضہ کرتے ہیں اور بطور قوم ہماری طرف سے اس کا عالمی سطح پر واضح اظہار بھی ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اپنی جگہ ہے لیکن ملک و قوم کے مفاد پر ہمیں ایک قوم بننا ہوگااور اگر وقت ہاتھ سے نکل گیا تو ہمارے پاس سوائے پچھتاوے کے کچھ نہیں بچے گا۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ خود مختاری کیلئے ہمیں اپنے اپنا پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا ۔
جس کیلئے معیشت کا استحکام نا گزیر ہے ۔اپنی کمزوریاں اور مسائل دنیا کے سامنے رکھنے کی بجائے فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے جہاں دیرینہ مسائل کے حل ،معیشت کے استحکام اور ملک و قوم ی سلامتی کے تناظر میں جتنے روز بھی لگ جائیں اتفاق رائے سے حل تلاش کر متفقہ قومی پالیسی کا اعلان کیا جائے اور کسی بھی حکومت کے آنے جانے کے اثرات اس قومی پالیسی پر مرتب نہیں ہونے چاہئیں۔

مزید :

کامرس -