تبدیلی کی بات کرنیوالے انگلی کے اشارے پر ناچنے والے سیاستدان ہیں : بلال بھٹو زرداری
ساہیوال (بیورورپورٹ )پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کے کرپٹ حکمرانوں نے قدم قدم پر عوام کو دھوکہ دیا ان کی سیاست صرف اورصرف کاروبارہے انہیں عوا م کی نہیں اپنے کاروبار کی فکر ہے، یہ آمروں کی سیاسی اولاد ہے جو جمہوری لبادہ اوڑھ کر کسانوں اور غریبوں پر ظلم کر رہے ہیں ، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوامی سیاست کی اور جینا مرنا عوا م کے ساتھ ہے جبکہ دوسری طرف دائیں بازو والے سیاستدان ہیں،رجعت پسند اور فرقہ وارانہ جماعتیں پیپلزپارٹی کے خلاف ہیں اورپنجاب میں غلبہ حاصل کئے ہوئے ہیں ۔آمریت کے سہولت کاروں نے پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کیلئے کالعدم اور رجعت پسند تنظیموں کا سہارا لیا ۔ پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کیلئے ظلم و تشدد کئے گئے اور کبھی پھانسیاں دیکر ‘کبھی کوڑے مارکر ‘کبھی دہشت گردی کے ذریعے ظلم کیا گیا ۔ عمران خان اور حکمرانوں کی سیاست و نظریات مشترکہ ہیں ،یہ عوام کی سیاست نہیں کرتے ،یہ نام نہاد تبدیلی کی بات کرنے والے عوام سے دھوکہ کررہے ہیں کیونکہ یہ انگلی کی سیاست کے اشارے پر ناچنے والے سیاستدان ہیں،انتخابات میں کسان دوست ‘مزدور دوست ‘عوام دوست منشور دینگے ۔ 20ایکڑ والے کسانوں کو قر ضہ دینے کیساتھ ساتھ فصل آنے سے قبل سپورٹ پرائس کا اعلان کیاجائے گا،مزدوروں کی کم از کم تنخواہ اورپنشن میں اضافہ جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم کو ڈبل کیاجائے گا ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم و صحت کو اہمیت دی جائیگی، لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم کیلئے حکومت مدد دیگی ، دور دراز علاقوں میں ڈیوٹی کرنے والے ڈاکٹرز کی تنخواہ بڑھائی جائیگی اور سرکاری ہسپتالز میں مفت ادویات فراہم کی جائیگی، عوام کی حمایت سے ملک کے اندھیروں ،بیروزگاری اور دہشت گردی ختم کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخ ظفر علی سٹیڈیم میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ذوالفقار علی بھٹو شہید کی قیادت میں عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد شروع کی جو بینظیر بھٹو نے جاری رکھی ۔پیپلزپارٹی ایوبی آمریت اور ضیاء آمریت کے خلاف ڈٹی رہی اور جدوجہد کے ذریعے عوام کو طاقت کا سرچشمہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اورپنجاب کی حکومتیں کسانوں اورمزدوروں پر ظلم کی تلوار چلار ہی ہیں۔ مہنگائی یہاں اس قدر ہو چکی ہے کہ پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہے اورغریبوں میں خریدنے کی سکت نہیں رہی ۔انہوں نے کسان کی کمر توڑ دی ہے،کاشتکاروں کو نہری پانی نہیں مل رہا اوراوکاڑہ کے مزارعین کو طاقت کے ذریعے دبایاجارہاہے دہشتگردی کے مقدمات بنائے جارہے ہیں لیکن پیپلزپارٹی ان کے ساتھ ہے ۔ یہ شہید بھٹو کا کارنامہ ہی تھاکہ بے زمین کسانوں کو مالکانہ حقوق دیئے ۔ مزارعین کو نکالا گیا تو پیپلزپارٹی بھرپور مخالفت کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ ساہیوال کول پاور پلانٹ پنجاب کے کمیشن خورحکمرانوں نے قیمتی زرعی زمینیں خرید کر مہنگی بجلی بنانے کا منصوبہ بنایا اور کوئلہ باہر سے خریدا۔کراچی سے ٹرانسپورٹ کرکے یہاں لایاگیا اورمہنگی بجلی بناکر شدید ماحولیاتی خطرات پیدا کئے اورلوگ اس منصوبے کو کالا پاور پلانٹ کہہ رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ہردورمیں عوام کے حقوق کا تحفظ اور خوشحالی کیلئے کام کیا ۔ شہید بھٹو نے روٹی ‘کپڑا اورمکان کا وعدہ اورشہید بی بی نے روزگار کا وعدہ پوراکیا ۔ صدر زرداری نے 600روپے من گندم کی قیمت1200روپے کرکے کسانوں کو خوشحال کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک کو ڈیمو کریٹک بنانا چاہتے ہیں جہاں غیر مسلموں کو مساوی حقوق ،عورتوں کو عزت دینگے۔انہوں نے ورکرز سے وعدہ لیتے ہوئے کہاکہ وہ گھر گھر پارٹی نظریات لے کر جائیں گے ۔ جلسہ سے قمر زمان کائرہ ‘خورشید شاہ ‘ سید یوسف رضا گیلانی ‘ندیم افضل چن ‘ثمینہ خالد گھرکی ‘ منظور وٹو ‘رانا شیر خان اور دیگر مقامی قائدین نے خطاب کیا ۔
بلاول بھٹو