حکومت عالمی سطح پر خوف تو تماشا بن چکی، ملکی وقار کو بھی دھبہ لگارہی ہے: سراج الحق
اسلام آباد، لاہور (نیوز ایجنسیاں) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے حکومت عالمی سطح پر خود بھی تماشا بن گئی ہے اور ملک کے وقا ر کو بھی دھبہ لگارہی ہے ۔ وزیر خزانہ اور حکمران خاندان احتساب عدالتوں میں پیش نہیں ہورہے ، وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود وزیر خزانہ مستعفی ہونے کو تیار نہیں ۔ سیاست کرپشن میں گم ہورہی ہے اور جمہوریت مضبوط ہونے کی بجائے کمزور ہورہی ہے ۔ حکمران سابق وزیراعظم کی نااہلی کو تمام تر کوششوں کے باوجود اہلیت میں نہیں بدل سکتے ، بہتر یہی ہے حکومت عدلیہ اور اداروں کے بارے میں اپنا رویہ در ست کرے اور ملک و قوم کی بدنامی کا باعث نہ بنے ۔گزشتہ روز اسلام آباد میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب میں انکا مزید کہنا تھا حکمران خاندان اور وزیر خزانہ احتساب عدالتوں میں پیش نہ ہوکر جگ ہنسائی کا سبب بن رہے ہیں ، اگر حکمرانوں کا آئین و قانون کے حوالے سے یہ رویہ ہے تو پھر عام آدمی قانون کا احترام کیسے کرے گا ، نیب نے اپنی ساکھ بر ی طرح متاثر کی ہے مچھروں کو پکڑنا اور مگر مچھوں کو چھوڑ دینا نیب کیلئے معمولی بات ہے اور یہی مگر مچھ قومی خزانے کو لوٹ کر عیش کر رہے ہیں جبکہ عام آدمی زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے ، متکبرانہ رویے نے حکمرانوں کو پہلے کوئی فائدہ دیا نہ اب دے گا ۔ جمہوریت محض بیلٹ بکس کا نام نہیں بلکہ جمہوری رویوں کے فروغ اور آئین و قانون کو اپنی ذات سے بالاتر سمجھنے کا نام ہے ۔ عدالتوں میں پیش نہ ہونا قانون کا مذاق ہے اور یہ مذاق وہ لوگ اڑا رہے ہیں جو ملک میں آئین و قانون کی حفاظت کے دعویدار ہیں ۔