مشیر قومی سلامتی سے تاجک سفیر کی ملاقات، پاکستان اور تاجکستان کا دوطرفہ تعلقات کو مذید مربوط بنانے پر اتفاق
اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان اور تاجکستان نے دوطرفہ تعلقات کو مذید مربوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات تاجکستان کے سفیرشیرلئی جونوف نے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ سے ملاقات کی، اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مذید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی امور علاقائی سلامتی سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر خان جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان کے تاجکستان کیساتھ دیرینہ تعلقات ہیں اور وقت گزرنے کیساتھ ساتھ ان تعلقات میں بہتری آئی ہے ۔تاجک سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان مذید تعلقات کو بڑھانے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تاجکستان بھی پاکستان کے ساتھ دفاع ، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعلقات میں اضافہ چاہتا ہے۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور علاقائی ممالک پر زور دیا کہ وہ دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی وضح کریں۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں پاکستان کی طرف سے تاجک فوجیوں کو ٹریننگ دینے کے اقدام کو بھی سراہا۔ تاجک سفیرنے مزید کہا کہ پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر خان جنجوعہ آئندہ دورہ تاجکستان کے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔