شکاریوں نے تعاقب کرنے محکمہ جنگلی حیات کے 2ملازمین کو قتل کردیا، ایک ملزم گرفتار
لاہور(اپنے نمائندے سے)محکمہ جنگلی حیات و پارکس پنجاب ڈسکہ ضلع سیالکوٹ گوجرانوالہ ریجن کے دو ملازمین مرغابیوں کے غیر قانونی شکاریوں کو گرفتار کرنے کی کوشش میں شہید ہو گئے۔ ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ڈی جی جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے بتایا کہ غیر قانونی شکاریوں کے خلاف جاری مہم کے تحت تشکیل دیئے گئے سپیشل سکواڈ کے وائلڈ لائف انسپکٹر منظور اور وائلڈ لائف واچر مشتاق کو خفیہ اطلاع ملی کے چند افراد چھمب کے علاقے میں مرغابیوں کے شکار میں مصروف ہیں جس پر وہ موقع پر پہنچے تو ملزمان انہیں دیکھ کر موقع سے فرار ہنے کی کوشش کی مگر ملازمین نے ان کا تعاقب جاری رکھا اور کالج روڈ ڈسکہ کے قریب انہیں جا لیا جس پر ملزمان جو جدید اسلحہ سے لیس تھے نے ان اہلکاران پر فائر نگ شروع کر دی جس سے وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ اس وقوعہ کے ایک اہم ملزم عمر احمد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ شہید ہونے والے ملازمین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال بھجوا دی گئی ہیں ۔ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے ملازمین کی فرائض کی انجام دہی کے دوران شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کوہر صورت کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی ۔