سرائیکی صوبے، مکمل ہائیکورٹ کے قیام کیلئے وکلاء جدو جہد کو سلام پیش کرتے ہیں، مقررین

سرائیکی صوبے، مکمل ہائیکورٹ کے قیام کیلئے وکلاء جدو جہد کو سلام پیش کرتے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان ، جلال پور پیروالہ (سٹی رپورٹر، نامہ نگار)سرائیکی رہنماؤں ملک اللہ نواز وینس ‘ ظہور دھریجہ اور رانا محمد فراز نون نے جلال پور پیر والا بار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم نے پاکستان بنوایا تھا ‘ وسیب کے وکلاء صوبہ سرائیکستان بنوائیں گے ۔ سرائیکی صوبے اور مکمل ہائیکورٹ کے قیام کیلئے وکلاء کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ اس موقع پر صدر بار ایسوسی ایشن ملک محمد یوسف پنوہاں ، جنرل سیکرٹری ملک عبدالرزاق بھپلا اور وکلاء راؤ عبدالجبار ، ملک ناصر عباس کانجی ، ملک منور کنہوں ، (بقیہ نمبر29صفحہ7پر )

ملک جلیل سندیلہ ، نواب اقبال خان ، عبدالباری جعفری ، جام اصغر درگھ اور اصغر خان نہڑ نے خطاب کیا ۔ جبکہ سرائیکی انقلابی شاعر منیرنْ بلوچ نے انقلابی گیت پیش کئے ۔ صدر بار ایسوسی ایشن جلال پور پیر والا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم صوبہ سرائیکستان کے قیام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور بار ایسوسی ایشن سے قرارداد بھی پاس کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 15 اکتوبر کو سرائیکستان لانگ مارچ کا قافلہ جب جلال پور سے گزرے گا تو ہم پھولوں کے ہار پہنائیں گے اور اس کی کامیابی کیلئے وکلاء برادری سب سے آگے ہوگی ۔ سرائیکی رہنماؤں نے اس موقع پر کہا کہ سرائیکی صوبے کی تحریک زبان نہیں زمین کی تحریک ہے اور خطے میں بسنے والے تمام افراد کے حقوق کیلئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حمایت کرنے والے ہمارے سر کا تاج ہونگے البتہ جو مخالفت کرے گا ، چاہے جاگیردار ہو ، آباد کار ہو یا مہاجر وہ اس دھرتی کا غدار کہلائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جلال پور کو ضلع بننا چاہئے ، ایکسپریس وے کو فوری مکمل ہونا چاہئے اور سی پیک میں وسیب کو صنعتی بستیاں دی جائیں ۔ سرائیکی رہنماؤں نے کہا کہ میڈیکل انٹری ٹیسٹ میں جو ظلم ہوا ہے ، ہم اسے مسترد کرتے ہیں اور ہمارا مطالبہ ہے کہ سرائیکی وسیب کے طلبہ سے نیا انٹری ٹیسٹ نشتر میڈیکل یونیورسٹی لے ‘ ہم لاہور کی دھاندلیوں اور بد دیانتیوں کو مسترد کرتے ہیں۔