شارع فیصل پرفیکٹری میں دھماکہ، ایک ملازم جاں بحق، چوکیدارزخمی

شارع فیصل پرفیکٹری میں دھماکہ، ایک ملازم جاں بحق، چوکیدارزخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی کے علاقے شارع فیصل پرنرسری کے مقام پر واقع کاسمیٹکس کے کارخانے میں دھماکے کے نتیجے میں ایک ملازم جھلس کر جان بحق جبکہ چوکیدار زخمی ہوگیاہے، پولیس کے مطابق دھماکا گودام میں رکھے کیمیکل میں ہوا۔ واقعے میں دہشت گردی کا عنصر شامل نہیں ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنرکراچی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق شارع فیصل پر واقع کاسمیٹکس فیکٹری میں زورداردھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ گودام سے متصل نجی اسکول کی دیوار اورارد گرد موجود عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کا عملہ موقع پرپہنچ گیا اور دو گھنٹے کی کارروائی کے بعد آگ پر قابو پالیا۔چیف فائر آفیسر تحسین صدیقی نے میڈیا کو بتایا کہ واقعے میں سلمان سولنگی نامی فیکٹری کا ملازم جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد واقعے کی دیگر پہلوؤں سے تحقیقات کی جائے گی۔ڈی ایس پی بہادرآباد پولیس اسٹیشن اظہار لاہوری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طور آگ لگنے کی وجہ الیکٹرک شارٹ سرکٹ معلوم ہوئی ہے، گودام میں کیمیائی سامان موجود تھا اس لئے دھماکا ہوا، مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ایس ایچ او ٹیپو سلطان کے مطابق نرسری کے قریب کاسمیٹکس کے گودام میں کیمیکل دھماکا ہو ا، دھماکے کے بعد گودام میں آگ لگ گئی ۔ دھماکے کے باعث قریبی گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔گودام میں دھماکا صبح 9 بجے ہوا،جس کے بعد عمارت میں آگ لگ گئی اورگودام کے پیچھے واقع اسکول کی دیوارکوبھی نقصان پہنچا۔فائر بریگیڈ کے عملے نے دو گھنٹے سے زائد کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔ملبے سے ایک شخص کی لاش نکالی گئی ہے، جس کی شناخت 30 سالہ سلمان کے نام سے ہوئی جو گودام میں ہیلپر تھا، جبکہ آگ لگنے سے چوکیدار جھلس کر زخمی ہوگیا۔کاسمیٹکس کمپنی کے گودام کے منیجر افتخار جعفری نے کہا کہ دھماکا عمارت کے باہر ہوا ہے، وئیرہاؤس کی عمارت کو دھماکے سے نقصان ہوا اورآگ لگی، ہماری مصنوعات جہاں رکھی ہے وہ کمرہ اب بھی محفوظ ہے۔ ہمیں خدشہ ہے کہ دھماکا خیز مواد فیکٹری کی دیوار کے ساتھ لگایا گیا تھا۔وزیراعلی سندھ نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو ریسکیو کام جلدمکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔