گورنر سندھ سے جمعیت العلماء اسلام (ف) کے وفدکی ملاقات
کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ امن وامان کے قیام کے بعد حکومت کی بھرپور توجہ اقتصادی ترقی اور معاشی خوشحالی کے ساتھ ساتھ عوام کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ جدید سہولیات کی فراہمی پر مرکوز ہے اس ضمن میں موٹر وے M-9 ، لیاری ایکسپریس وے ، فراہمی آب کا عظیم الشان منصوبہ K-IV اور گرین لائن تکمیل کے مراحل میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے مسائل کے حل کے لئے گورنر ہاؤس میں منتخب نمائندوں، سیاسی و مذہبی جماعتوں، کاروباری اور غیر ملکی سفارت کاروں سے مشاورتی عمل شروع کردیا گیا ہے جس میں مفید مشورے اور تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کو ترتیب دیا جا رہا ہے ۔ ان خیالات انہوں نے گورنر ہاؤس میں جمعیت العلماء اسلام (ف) کے وفد جس کی سربراہی جے یو آئی صوبہ سندھ کے جنرل سیکریٹری راشد محمود کررہے تھے، سے ملاقات میں کیا ۔ وفد میں جے یو آئی سندھ کے پیٹرن انچیف مولانا عبد الکریم عابد ، محمد اسلم غوری ، مولانا محمد صادق ، قاری فخر الحسن ، مولانا محمد غیاث ، مفتی عبد الحق عثمانی ، مولانا احسان اللہ اکروی اورمولانا عبد الرشید نعمان ، سید اکبر شاہ ہاشمی شامل تھے ۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جمہوریت کے استحکام و تسلسل اور امن و امان کے قیام سمیت ملکی سیاست میں جمعیت العماء اسلام ( ف) کا کردار قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کی ترقی میں وفاقی حکومت خصوصی دلچسپی لے رہی ہے اس ضمن میں حیدرآباد ، جیکب آباد ، ٹھٹھہ اور اب کراچی میں وفاقی حکومت نے 25 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا ہے جبکہ اس سے پہلے ہی کراچی میں وفاق کے 50 ارب روپے مالیت کے میگا پروجیکٹس پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے جہاں کی ہر مثبت و منفی سرگرمی کا اثر پورے پاکستان پر پڑتا ہے ، وفاقی حکومت نے شہر میں امن و امان کے قیام کے لئے انتہائی سخت فیصلہ کیا اس ضمن میں شہر کی تمام اسٹیک ہولڈرز جماعتوں سے باہمی مشاورت بھی کی گئی ،فوج، رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے شہر میں امن قائم کیا اور اس کے تسلسل کے لئے بھی بھرپو ر اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے ، امن و امان کے قیام کے بعد شہر میں اقتصادی ، معاشی ، سماجی ، ثقافتی ، ادبی اور سیاسی سرگرمیاں رات گئے تک جاری رہتی ہیں جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری اور نئی صنعتوں کے قیام میں بھی تیزی آرہی ہے ، معاشی سرگرمیوں میں اضافہ سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کی سیاسی و مذہبی جماعتوں سے ملاقاتوں میں ایک زبر دست بات سامنے آئی کہ ہر سیاست دان صوبہ کی خوشحالی و ترقی کا خواہشمند ہے جو کہ خوش آئند بات ہے اسی سلسلہ میں گورنر ہاؤس میں تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کرکے ان سے صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے ضمن میں مشاورت کی جارہی ہے جس میں ہر جماعت بھرپور حصہ لے رہی ہے اور اپنی اپنی تجاویز سے آگاہ بھی کررہی ہے ۔