امن کے دشمنوں کو شکست دینے کیلئے تعلیم سے بڑاکوئی ہتھیار نہیں:سردار حسین بابک

امن کے دشمنوں کو شکست دینے کیلئے تعلیم سے بڑاکوئی ہتھیار نہیں:سردار حسین ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ امن کے دشمنوں کو شکست دینے کیلئے تعلیم سے بڑا کوئی ہتھیار نہیں،قیام امن کے بغیر کسی بھی ملک کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ، اے این پی نے امن کے قیام کیلئے جو قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ کا حصہ ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ان قربانیوں کے نتیجے میں دھرتی امن کا گہوارہ بن جائے گی ، 21ستمبر عالمی یوم امن کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں سردار حسین بابک نے کہا کہ امن کے بغیر ترقی ناممکن ہے اور امن کو یقینی بنانے کیلئے سب نے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ بدامنی نے ہماری معیشت کو تباہ کر دیا ہے لہٰذا اب وقت آچکا ہے کہ بدامنی کے اس ناسور کو ختم کرنے کیلئے مصلحتوں اور ’’ اگر مگر ‘‘ کی پالیسی سے نکلنا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک اور خصوصاً خیبر پختونخواو قبائلی علاقہ جات میں بدامنی نے پختونوں کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ فخر افغان باچا خان اور ان کے ساتھیوں نے عدم تشدد سے محبت اور تشدد سے نفرت کا درس دیا ہے۔ اور اسی فلسفے پر عمل پیرا ہو کر اے این پی نے ہر دور میں امن کے قیام کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں اور اب تک اپنی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔سردار حسین بابک نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے سیکیورٹی فورسز ، سول سوسائٹی ، میڈیا اور عوام کی قربانیاں بھی قابل ستائش ہیں تاہم امن کے قیام کیلئے یک آواز ہونا پڑے گا اور تعلیم کو عام کرکے شرپسندقوتوں کو مؤثر جواب دینا پڑے گا تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری دھرتی پر امن کو سب سے زیادہ خطرہ دہشتگردی سے ہے۔ جب تک دہشتگردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا تب تک مکمل امن کا قیام نا ممکن ہے۔اُنہوں نے کہا کہ امن کے عالمی دن کی مناسبت سے دُنیا کے تمام ممالک کو دُنیا کے کونے کونے میں امن کے قیام کیلئے سنجیدہ اقدامات اُٹھانے ہونگے، ہمارے خطے میں طویل عرصہ سے امن ناپید ہے لہٰذا یہ سب سے اہم اور بنیادی مسئلہ سمجھ کر تمام سیاسی پارٹیوں اور تمام مکتبہ فکر کے لوگ اپنے نظریات سے بالا تر ہو کر امن کے قیام کیلئے جدوجہد کریں۔کیونکہ اس موقع پر ملک کسی بھی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔