کور کمانڈر سکواڈ کے اہلکاروں پر تشدد ،رکن سندھ اسمبلی سمیت 20افراد کیخلاف مقدمہ درج
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رکن صوبائی اسمبلی طارق مسعود آرائیں اور دیگر افراد کے خلاف کور کمانڈر کے سکواڈ کے اہلکاروں پر تشدد اور ان کے ہتھیار چھیننے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔مقدمے کی ایف آئی آر کے مطابق سکواڈ کور کمانڈر کے اہل خانہ کو لے کر ڈیفنس سے گزر رہا تھا کہ نامعلوم کار سواروں نے پروٹوکول کے درمیان داخل ہونے کی کوشش کی۔درخواست گزار کے مطابق سکواڈ اہلکاروں نے کار سواروں کو روک کر شناختی کارڈ طلب کیا جو فراہم نہیں کیا گیا بعد میں کار میں سوار چار افراد میں سے ایک نے طارق نامی شخص کو فون کیا۔فون کال کے بعد گاڑیاں آئیں جس میں 15 سے 18 مسلح افراد موجود تھے جنہوں نے اہلکاروں کو مارا پیٹا اور دو سرکاری ایس ایم جیز بھی چھین لیں۔ایف آئی آر کے مطابق ملزموں میں طارق مسعود آرائیں، جہانگیر، منظور، اسد، مون سمیت متعدد افراد تھے طارق مسعود کی ایما پر تشدد اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔مقدمہ کراچی کے درخشاں تھانے میں درج کیا گیا جس میں ہنگامہ آرائی، توڑپھوڑ اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئیں۔ایس ایس پی ساتھ جاوید اکبر ریاض نے کہاہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور زخمی اہلکاروں کے ایم ایل او کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔
کور کمانڈر سکواڈ