اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ کے شہر کے مختلف بازاروں ‘ ہوٹلوں پر اچانک چھاپے
پشاور( سٹاف رپورٹر)اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ محترمہ گل بانو نے بدھ کے روز کوہاٹ کے مختلف بازاروں میں اچانک چھاپے مارے اور مختلف دکانوں‘ بیکریوں‘ مٹھائی کے گوداموں‘ ہوٹلوں کے باورچی خانوں اور پٹرول پمپس کا معائنہ کیا۔ عدم صفائی‘ زائد المیعاد کولڈڈرنکس اور کم پیمانہ رکھنے والے پٹرول پمپس کا چالان کرکے انہیں بھاری جرمانے کیے۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرکوہاٹ محترمہ گل بانو نے شہرکے مختلف بازاروں میں چھاپے مارے اور بیکریوں اور مٹھائیوں کے گوداموں میں صفائی کی ابتر صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا اور انہیں صحت عامہ کے اصولوں پر سختی سے کاربند رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر آئندہ یہی صورتحال رہی تو بھاری جرمانوں سمیت انہیں سیل کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر گل بانو نے ہوٹلوں کا بھی معائنہ کیا اور صفائی کی سختی سے تاکید کی۔ انہوں نے کولڈڈرنکس کی دکانوں میں زائد المیعاد مشروبات کو ضبط کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا ۔علاوہ ازیں شہر کے مختلف پٹرول پمپس کے معائنہ کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ان کے پیمانے چیک کئے اور کم پیمانہ رکھنے والوں کو موقع پر جرمانہ کیا