ہم فنی تربیت کا معیار ہمسایہ ملکوں سے بہتربنائینگے،ذوالفقار احمد چیمہ

ہم فنی تربیت کا معیار ہمسایہ ملکوں سے بہتربنائینگے،ذوالفقار احمد چیمہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نیوٹیک اگلے ماہ سے ایک لاکھ نوجوانوں کو جدید ترین فنون میں تربیت فراہم کرے گا اس کیلئے نیوٹیک کے افسران کا فرض ہے کہ وہ ایک قومی فریضہ سمجھ کر تربیت کا معیار بلند کرنے میں دن رات ایک کردیں ۔ یہ بات ذاولفقار احمد چیمہ نے نیوٹیک کے زیر تحت تمام ریجنز کی اہم ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں اسلام آباد ہیڈ کوارٹر سمیت کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ کے تمام ڈائریکٹر جنرلز اور ڈائریکٹرز شریک ہوئے۔ اجلاس میں پرائم منسٹر یوتھ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت ہونے والی ٹریننگ اور تربیتی اداروں کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کے معیار میں مزید بہتری لانے کیلئے مختلف اصلاحات پر غور کیا گیا۔ اس موقع پرذوالفقار احمد چیمہ نے ڈی جیز کو ہدایت کی کہ انڈسٹری کے ساتھ روابط کو مضبوط کئے جائیں تاکہ زیر تربیت نوجوانوں کی عملی تربیت اور ان کیلئے روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زیر تربیت نوجوانوں کو تربیت کے آخری مہینے میں تین سے چار ہفتے کیلئے مختلف انڈسٹریز میں عملی ٹریننگ مہیا کی جائے گی تاکہ انہیں عملی تجربہ حاصل ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک لاکھ نوجوان ہنر مند بننے سے ملک میں ایک لاکھ گھرانوں میں خوشحالی آئے گی جس سے ملکی معیشت میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔ ذوالفقار احمد چیمہ نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فنی تربیت کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے لئے نیوٹیک کے افسران بذات خود اداروں کے دورے کریں اور کارکردگی کا جائزہ لیں۔ انہوں نے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو فنی تربیت کی طرف راغب کرنے کیلئے آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ چوتھے مرحلے کے بیچ ون کا آغاز اگلے ماہ یعنی اکتوبر سے ہوگا جس میں ہزاوں ر نوجوانوں کوجدید فنون میں تربیت دی جائے گی ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کی دلچسپی اور استعداد بڑھانے کیلئے ہر ماہ ٹیسٹ لئے جائیں اور 3ماہ بعد ہنر مندی کے مقابلے بھی منعقد کروائے جائیں۔ اس موقع پر ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ پچھلے ہنر مندی کے مقابلے بہت بامعنی اور کارآمد ثابت ہوئے ہیں۔ ان مقابلوں کے نہ صرف مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں بلکہ نوجوانوں کی فنی تربیت کی طرف رجحان میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23اکتوبر کو اسلام آباد میں قومی ہنر مندی مقابلے منعقد کروائے جائیں گے جن میں اول آنے والے کو ایک لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ اجلاس میں تمام صوبوں کے ڈائریکٹر جنرلز اور ڈائریکٹرز نے اپنے اپنے صوبوں میں پرائم منسٹر یوتھ اسکل ڈیویلپمنٹ پروگرام کے چوتھے مرحلے کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔