مظفرآباد،کے آئی آئی آر کے زیراہتمام یواین دفترکے باہر احتجاجی مظاہرہ
مظفرآباد(بیورورپورٹ)کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز(کے آئی آئی آر)کے زیر اہتمام اقوام متحدہ کے دفتر باہر کشمیریوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف مظاہرہ کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی افواج کے مظالم سے کشمیر یوں کو نجات دلائی جائے اور انہیں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حق خودارادیت دی جائے ۔ مظاہرے کی قیادت چیف ایگزیکٹو کے آئی آئی آر سردار امجد یوسف ، سابق وزیر ہاؤسنگ و پلاننگ ، سینئر نائب صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر چوہدری پرویز اشرف ، حریت کانفرنس کے کنوینر فیض نقشبندی نے کی ۔ مظاہرے میں برطانیہ اور یورپ میں مقیم سینکڑوں کشمیریوں نے شرکت کی ۔ مظاہرین نے بڑے بڑے کتبے اٹھا رکھے تھے جس پر عالمی ادارہ سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے بچائے ۔ مظاہر ین سے خطاب کرتے ہوئے سردار امجد یوسف نے کہا کہ بھارت ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے اور اس نے عورتوں اور بچوں کو بھی نہیں بخشا۔ 10لاکھ بھارتی افواج کی موجودگی نے مقبوضہ ریاست کو فوجی چھاونی میں تبدیل کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خود مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں لے کر گیا اور اب وہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد سے منحرف ہو چکا ہے ۔ چوہدری پرویز اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب تبدیل کرنے کے لئے آئین میں تبدیلیاں کر رہا ہے ۔ بڑے پیمانے پر ہندوستان سے لاکر ہندؤوں کو آباد کیا جارہا ہے اور نوجوانوں کی تحریک مزحمت کو کچلنے کے لئے نوجوانوں اور طالبات پر پیلٹ گنوں سے حملے کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گھر گھر تلاشیوں کی آڑ میں عورتوں کی بے حرمتی بھارتی فوجیوں کا معمول بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی تحقیقات کے لئے فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھجوائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ بے گناہ کشمیریوں پر مظالم بند کرے ۔ فیض نقشبندی نے کہا کہ بھارت کی حکومت ہندو انتہاء پسند پالیسیوں کی وجہ سے عوام کے لئے عذاب بن چکی ہے ۔ کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل اور کالے قوانین کے ذریعے بھارتی فوج کو کشمیر یوں کے قتل عام کا لائسنس دے دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حریت قائدین کو جیلوں میں ڈال کر کشمیریوں کی آزادی کیلئے سیاسی جدوجہد کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے مگری کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔