مظفرآباد،محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی پلان کوحتمی شکل دیدی گئی
مظفرآباد(بیورورپورٹ) دارالحکومت مظفرآباد میں محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ محرم الحرام کے دوران مجالس اور مرکز ی جلوس کے دوران پولیس کی بھاری نفری تعینات رہے گی جبکہ دیگر جملہ محکمہ جات بھی اپنے اپنے کام کے حوالہ سے ہمہ وقت الرٹ رہیں گئے۔محرم الحرام میں امن وامان کے حوالہ سے جملہ محکمہ جات کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید اشفاق گیلانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایس ایس پی مظفرآبادراجہ اکمل خان، ایس ایس پی سپیشل برانچ غلام اکبر ،آصف درانی ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سید شکیل گیلانی ، جائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر عباس انسٹیٹوٹ محمد سعید اعوان ،ڈی ایچ او مظفرآباد ڈاکٹر کامران،اسسٹنٹ کمشنر پٹہکہ سید غلام محی الدین گیلانی، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سید آصف حسین نقوی ،پی ڈی ایس پی او آصف مغل،خواجہ عمر،راجہ مصور،ظفراحمد ڈار، شبیر قریشی ،سید اعجاز حسین شاہ، خواجہ گوہر امین و دیگرنے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران محرم الحرام کے سلسلہ میں سیکیورٹی انتظامات کوحتمی شکل دی گئی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ مجالس اور مرکزی جلوس کی کڑی نگرانی کی جائیگی۔ محرم ا لحرام کے دوران مجموعی طور پر 3500پولیس اہلکاران ڈیوٹی پر مامور ہونگے۔مرکزی جلوس کے راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی اور مجالس اور جلوس کے دوران ڈیوٹی مجسٹریٹ تعینات کئے جائیں گئے۔میونسپل کارپوریشن اور ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کے ذمہ جلوس کے راستوں کی صفائی و ستھرائی ہو گی۔ جبکہ محکمہ صحت کی ٹیمیں ہمہ وقت الرٹ رہیں گی۔ ریسکیو 1122اور شہر ی دفاع کے رضا کار بھی جلوس کے ہمراہ تعینات رہیں گئے۔ محرم الحرام کے دوران ڈپٹی کمشنر آفس اور ایس ایس پی آفس اور 115میں کنٹرول روم قائم کئے جائیں گئے جو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں گے ۔اجلاس سے خطاب کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید اشفاق گیلانی کا کہنا تھا کہ محرم الحرا م کے دوران تمام انٹری پوانٹس پر سیکورٹی مزید بہتر بنائی جائیگی ، محرم الحرام کے دوران امن و امان قرار رکھنے کے لیے تما م تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گئے ،محرم الحرام کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ میں بھی کمی ہوگی۔اس سلسلہ میں تمام مکاتب فکر کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ تما م ادارے محرم الحرام کے دوران اپنے اپنے حصے کی ذمہ داریاں پوری کریں ۔ایس ایس پی راجہ اکمل خان اور ایس ایس پی سپیشل برانچ غلام اکبر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران جلوس ٹائم شیڈول کے مطابق نکالے جائیں اوروقت کی پابندی کا خاص خیال رکھا جائے، انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات ایک دوسرے سے تعاون کریں ۔