کراچی،سعودی قونصل جنرل نے 19ویں آئی ایف آر نمائش کا افتتاح کر دیا
کراچی (اکنامک رپورٹر) سعودی قونصل جنرل محمد عبداللہ عبدالدائم نے ایئر ونگ ٹریولرز پرائیویٹ لمیٹیڈ اور اصفر عرب انٹرنیشنل کمپنی یو اے ای کے زیر اہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ انیسویں دو روزہ انٹرنیشنل فورم فور ریلیجیس ٹورزم آئی ایف آرٹی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے نمائشوں کاانعقاد ہوتے رہنا چاہیے جس سے عوام کو حج و عمرہ کے موقع پر دی جانے والی خدمات سے آگاہی ہوتی ہے جبکہ لوگوں کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے اس نمائش کے کامیاب انعقاد پر چیف آرگنائزر محمد امین اللہ کو مبارک باد پیش کی اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ امین اللہ نے انتہائی محدود وقت میں ایک میسر نمائش کا انعقاد کیا ہے۔ جس میں پاکستان بھر کے حج و عمرہ ایجنٹس نے شرکت کی ہے جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ اس موقع پر آئی ایف آرٹی نمائش کے چیف آرگنائزر محمد امین اللہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس نمائش میں شرکت کے لئے حج و عمرہ سے تعلق رکھنے والی چالیس انٹرنیشنل کمپنیوں کو دعوت دی تھی۔ ان کمپنیوں نے ہماری دعوت کو قبول کیا۔ یہ بات ہمارے لیے باعث افتخار ہے۔ ان کمپنیوں پاکستان آمد پر ان کا شکر یہ ادا کرتا ہوں اور خاص طور پر سعودی کونسل جنرل محمد عبداللہ کا بھی شکر گزار ہوں۔ جنہوں نے ان نمائش کا افتتاح کرکے ہماری حوصلہ افزائی کی ہے اور اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش کے انعقاد سے ہمیں تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی جبکہ حج و عمرہ زائرین کو اس کے انعقاد سے استفادہ حاصل ہوگا۔ انہوں کہا کہ اس نمائش کے انعقاد سے زائرین حج و عمرہ کو بہتر ہوٹل اور اچھی خدمات حاصل ہوں گی۔ اس نمائش میں ملک کے دیگر شہروں سے آنے والے ٹریول ایجنٹس نے بڑی تعداد میں شرکت کی ہے اور نمائش کے انتظامات کو سراہا ہے۔بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سابق چیئرمین محمد یحییٰ پولانی نے کہا کہ قطر حکومت کی جانب سے پاکستان کی نئی ویزا پالیسی خوش آئند ہے ۔ اس اقدام سے پاکستان کی برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ ہوگا۔ قطری حکومت کا پاکستانیوں کیلئے ایئرپورٹ 30دن کے فوری مفت لگانے کااعلان خوشخبری ہے اوراس سلسلے میں قطری حکومت نے ویزا فیس اوردیگر چارجز ختم کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب قطر جانے والے پاکستانیوں کو پانچ ہزار ریال کے مساوی رقم نقد یا موثر بہ عمل کریڈٹ کارڈ دکھانے کی ضرورت ہوگی جبکہ کنفرم ریٹرن ٹکٹ دکھانے پر ویزا میں30دن کی توسیع بھی ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ قطر جانے والے پاکستانی مسافروں کو اس امر کا خیال رکھناہوگا کہ ان کا پاسپورٹ 6ماہ کے لئے موثر ہے اور آنے جانے کا ایئرٹکٹ بھی لازمی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قطر جانے کے خواہشمند روانگی سے قبل پولیو ٹیکے کاسرٹیفکیٹ ضروری حاصل کرلیں۔ ایک سوال کے جواب میں یحییٰ پولانی نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہتر ہورہاہے اور قوی امید ہے کہ مستقبل قریب میں بیشتر اسلامی ممالک پاکستانیوں کوایئرپورٹ پر ہی مفت ویزا دینے لگیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ جوپاکستانی قطر میں روزگار کی غرض سے غیر قانونی طریقوں سے جاتے ہیں انہیں چاہیے وہ بھی اس پالیسی سے فائدہ اٹھائیں اور قانونی طریقے سے قطرجائیں تاکہ ملک کی بدنامی نہ ہو اورخود اپنے اور اپنے گھروالوں کیلئے مسائل پیدا نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ پہلے قطر کی ویزا پالیسی بہت سخت تھی مگر اب قطری حکومت نے اپنی ویزا پالیسی کو بہت آسان بنادیاہے جس سے دونوں ممالک کی ایئرلائنز کوبھی فائدہ ہوگا۔آئی ایف ٹی نمائش کی آرگنائزر مونا جلال نے کہا کہ ہمیں اس بات پر خوشی ہے کہ پاکستان میں پہلی بار اس نمائش کا انعقاد کیا گیا اور ہمیں یہ شرف حاصل ہے کہ ہم نے پاکستان میں اس نمائش کو کامیابی ہمکنار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اس نمائش سے حج و عمرہ زائرین کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا اور ان کو مزید سہولیات میسر آئیں گی۔