مبشر لقمان نے چینل 24 چھوڑ دیا، اب کس چینل میں جا رہے ہیں؟ انتہائی حیران کن خبر آگئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) معروف اینکر پرسن مبشر لقمان بھی بازی لے گئے، نجی ٹی وی چینل 24 کو خیر باد کہہ کر سماءکو جوائن کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق مبشر لقمان نے کچھ روز پہلے چینل 24 کو خیر باد کہہ کر سما کو جوائن کیا ہے جس کے بعد بہت جلد ان کا پروگرام اسی نام ” کھرا سچ“ سے سما پر شروع ہو جائے گا۔ انہیں سما پر رات 10 یا 11 بجے کی ٹائم سلاٹ دی جائے گی۔ صحافتی حلقوں کا کہنا ہے کہ مبشر لقمان نے 2009-10 میں ایکسپریس نیوز پر اپنی ٹیم تیار کی تھی جس کے بعد وہ جس بھی چینل میں جاتے ہیں اپنی پوری ٹیم کو ساتھ لے کر جاتے ہیں۔
سما جوائن کرنے کے حوالے سے مبشر لقمان کا کہنا ہے کہ وہ آٹھ سال پہلے سما میں آرہے تھے لیکن بعض وجوہات کی بنا پر وہ یہاں نہیں آسکے لیکن اب آٹھ سال بعد وہ یہاں پہنچ گئے ہیں، سما پاکستان کا نمبر ون چینل ہے اس لیے اس کے ساتھ تعلق ہونا قابل فخر ہے۔
اپنے پروگرام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مبشر لقمان نے کہا کہ کھرا سچ کے پاس سب سے زیادہ بندشوں کا عالمی ریکارڈ ہے، جب آپ تحقیقاتی پروگرام کر رہے ہوتے ہیں تو سب غاصب اور لٹیرے آپ کے دشمن بن جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سما پر پہلا پروگرام وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی کرپشن پر ہوگا۔