ابرار الحق سب پر بازی لے گئے، اپنی قیمتی ترین چیز روہنگیا مسلمانوں کیلئے نیلام کرنے کا اعلان کردیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پی ٹی آئی رہنما اور معروف گلوکار ابرارالحق نے روہنگیا مسلمانوں کی مدد کیلئے اپنی بی ایم ڈبلیو کار نیلام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی شخص ان کی کار خریدے گا وہ ان کے ساتھ بنگلہ دیش بھی جا سکتا ہے تاکہ دیکھ سکے کہ کار کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی روہنگیا مسلمانوں میں ہی تقسیم کی گئی ہے۔
ابرارالحق نے اداکار فیصل قریشی کے ٹی وی پروگرام میں شرکت کی جہاں روہنگیا مسلمانوں کی حالتِ زار موضوعِ بحث تھی، اس موقع پر انہوں نے اعلان کردیا کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کیلئے اپنی بی ایم ڈبلیو گاڑی نیلام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی گاڑی اسی شخص کو دیں گے جو سب سے زیادہ بولی لگائے گا ، گاڑی خریدنے والا شخص خود بھی ان کے ساتھ بنگلہ دیش جا سکتا ہے تاکہ اپنی آنکھوں سے دیکھ سکے کہ کار کی نیلامی سے حاصل ہونے والے پیسے شفاف طریقے سے روہنگیا مسلمانوں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ابرار الحق گلوکار کے علاوہ پی ٹی آئی کے متحرک رہنما بھی ہیں جبکہ وہ سماجی کاموں میں بھی آگے آگے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے تعلیم و صحت کی بہتری کیلئے سہارا فار لائف کے نام سے ایک ٹرسٹ بھی قائم کر رکھا ہے جو دور دراز علاقوں میں لوگوں کی مدد کرتا ہے۔