وزیر اعلی پنجاب نے شہید کانسٹیبل کے گھر والوں کیلیے امداد کا اعلان کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں انسداد دہشتگردی فورس پنجاب کے شہید ہونے والے کانسٹیبل جاوید اقبال کی بیوہ اور گھر کے دوسرے افراد سے ملاقات کی ہے،جبکہ بیوہ اور بچوں میں امدادی چیک ، گھر، نوکری دینے کا اعلان بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اعلی شہباز شریف نے شہید کانسٹیبل کی جانب سے ملک کیلیے عظیم قربانی دینے پر خراج تحسین پیش کیا اور شہید کی بیوہ کو ایک کروڑ روپے کا امدادی چیک پیش کیا، جبکہ بیوہ اور بچوں کیلیے ایک کروڑ 35لاکھ مالیت کا ایک گھر بھی دینے کااعلان کیا، مزید یہ کہ شہید کی فیملی کو 7مرلہ پلاٹ بھی دیا جائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب نے شہید کانسٹیبل جاوید اقبال کے بیٹے کو پولیس میں نوکری اور گھر کے اخراجات کیلیے ماہانہ 20ہزار روپے دینے کا اعلان کیا جبکہ شہید کانسٹیبل کی بیوہ کو اس کی ریٹائرمنٹ کی مدت پوری ہونے تک پوری تنخوا ملے گی۔
واضح رہے کہ 31اگست 2017کو جاوید اقبال اپنی ڈیوٹی کر کے گھر واپس آ رہا تھا کہ نامعلوم افراد نے گولی مار کر شہید کر دیا ۔جاوید اقبال نے دہشتگردوں سے متعلق انتہائی حساس معلومات اکھٹا کر رکھی تھیں جس کی بنیاد پر حساس اداروں نے کامیاب آپریشن کر کے 7دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا تھا جبکہ متعدد گرفتار کیے گئے تھے۔