رانا ثناء اللہ جھوٹا، مکار اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مرکزی کردار ، عدالتی فیصلے کو سبوتاژ کرنے کے لیے فرقہ واریت پھیلنے کا پروپیگنڈا بطور ڈھال کیا جا رہا ہے :خرم نواز گنڈا پور
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ ایک جھوٹا اور مکار شخص ہے،سانحہ ماڈل ٹاؤن کا منصوبہ اسی شخص نے بنایا اور اس پر عمل کیا،یہ بے گناہوں کے مرکزی قاتلوں میں سے ہے،ان شاء اللہ تعالی یہ قاتل ٹولہ اللہ اور قانون کی گرفت میں آنے والا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن کے عدالتی فیصلہ پر گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈا پور کا کہنا تھا کہ قاتل ٹولہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک ہونے کی صورت میں بطور ڈھال فرقہ واریت پھیلنے کا پروپیگنڈا کر رہا ہےحالانکہ پنجاب میں لاء اینڈ آرڈر کی بربادی کا ذمہ دار یہی وزیر قانون پنجاب ہے، ان کے اپنے لوگ اسے بیس بیس افراد کو قتل کرنے کا ذمہ دار ٹھہراچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کی دھمکیوں سے لگ رہا ہے کہ پنجاب کا قاتل ٹولہ عدلیہ کے فیصلے کو سبوتاژ کرنے کے لیے فرقہ واریت پھیلائے گا،عدلیہ اس گھٹیا بیان اور گھٹیا ذہنیت کا بھی نوٹس لے، 14بے گناہوں کے قاتلوں کو کٹہرے میں لانے سے فرقہ واریت کیسے پھیلے گی؟پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پنجاب کے حکمران اگر مگر کی بجائے رپورٹ پبلک کریں تاکہ ورثاء کو انصاف ملنے کا عمل آگے بڑھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈر ہے جس طرح نواز شریف، اسحاق ڈار، حمزہ شہباز، مریم نواز، حسن،حسین قومی خزانے کی لوٹ مار کا حساب دینے کی بجائے باہر بھاگ گئے ہیں اسی طرح نواز شریف اور رانا ثناء اللہ بھی باہر نہ بھاگ جائیں، ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے اور جب تک کیس کا فیصلہ نہ ہو یہ تمام قاتل کردار عہدوں سے الگ ہو جائیں، خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ آج ہم شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء اور وکلاء کے ہمراہ ہوم سیکرٹری سے عدالتی حکم کی روشنی میں رپورٹ کی کاپی لینے جائیں گے اور رپورٹ پڑھنے کے بعد آئندہ کی قانونی حکمت عملی طے کی جائے گی۔